شہباز شریف سے آج ملاقات ہوگی، وزیر اعظم سے بیڈ گورننس کا شکوہ ہے،ایم کیو ایم
لاہور: متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر مرکزی رہنما عامر خان نے کہا ہے کہ اگر عوام عمران خان سے مطمئن نہیں تو ہم کیسے مطمئن ہوسکتے ہیں،ہم حکومت کے اتحادی ہیں،بیڈگورننس کا ہمیں سب سے شکوہ ہے،پارٹی ہدایت پر پنجاب کے دورے پر نکلے ہیں،پیپلزپارٹی کی پندرہ سال سے سندھ میں حکومت ہے لیکن افسوس پورے سندھ میں انصاف نہیں ہوسکا،وڈیرہ شاہی نے سندھ کا نظام تباہ و برباد کر دیا ہے۔کراچی کے سابق میئر وسیم اختر اور پنجاب کے صدر چوہدری عابد کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پرامن انداز میں اپنی جدوجہد کررہی ہے،گزشتہ دنوں سندھ حکومت نے بلدیاتی بل پاس کیا جس کے تحت کراچی کے میئر کے اختیارات مکمل ختم کردئیے گئے،اس کے خلاف ہم نے پر امن احتجاج کیا،تمام اپوزیشن نے اس بل کے خلاف مشترکہ قرارداد پاس کی،سندھ حکومت نے مقامی حکومتوں کو یکسر نظر انداز کیا۔عامر خان نے مزید کہا ہم نے وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس کے باہر پرامن احتجاج کیا لیکن پولیس نے ہمارے کارکنوں پر لاٹھی چارج اورشیلنگ کی،ہم بات چیت کرنے کے حق میں تھے لیکن سندھ حکومت نے تشدد کا راستہ اختیار کیا،منتخب ارکان اسمبلی پر تشدد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم کی کارکردگی سے عوام مطمئن نہیں تو ہم کیسے مطمئن ہوسکتے ہیں،ملک میں مہنگائی کی جو صورتحال ہے اس پرہمیں بہت پہلے سے تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے اچھی بات ہے،ملنے جلنے میں کوئی قباحت نہیں،ایم کیو ایم کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں،ہم حکومت کے اتحادی ہیں،بیڈگورننس کا ہمیں سب سے شکوہ ہے۔


