گیس حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے شہر میں گیس لیکج کے باعث دھماکے ہورہے ہیں، پشتونخواملی
کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے جاری کردہ بیان میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران شہریوں کے گھروں میں سوئی گیس بھرجانے اور دھماکوں کے واقعات میں تقریباً24کے قریب انسانی جانوں کے ضیاع پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک جانب سوئی سدرن گیس کے حکام صارفین کو بھاری برقم اضافی چارجز کیساتھ بلزبھیجنے، بنا بتائے میٹرز اتارکر ساتھ لیجانے،لیبارٹری کے نام پر جرمانے عائد کرنے اور سلو میٹر چارجز ختم نہ کرنے کے توہین عدالت کے مرتکب اقدامات مسلسل اٹھارہے ہیں جبکہ دوسری جانب عوام کی گنجان آبادی پر مشتمل مختلف علاقوں میں گیس پریشر کی کمی وزیاتی، گیس کو اچانک بند کرنے اور پھر دوبار چھوڑنے کے باعث کمرے میں گیس بھر جاتی ہے، آکسیجن کی کمی یا پھر گھر یا کمرے میں داخل ہوتے ہی کسی بھی چنگاری نما شے کے استعمال کے باعث ایک زور دار دھماکہ ہوجاتاہے جس میں مذکورہ گھر کے انسانوں کے جھلسنے، جاں بحق ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے مکانات منہدم ہوجاتے ہیں اور آس پاس کے مکانات بھی شدید طور پر متاثر ہوجاتے ہیں۔ گزشتہ دنوں ہزار گنجی کے بخاری ٹاون میں کمرے میں گیس بھر جانے سے دھماکہ میں بی بی کاملہ سارنگزئی،ان کی چچی جاں بحق اور اسکی بہن بی بی خدیجہ اور چچازاد چھوٹا بچہ جھلس گئے۔ اسی طرح پشتون آباد میں دو نوجوان بھی گزشتہ دنوں موت کا شکار بنے، زمان روڈ جمعہ خان کالونی میں بھی ایک پولیس اہلکار گیس دھماکے کا شکار بنا اور گزشتہ روز بی ایم سی ہسپتال میں دم توڑ گیا اس طرح کے دو درجن واقعات میں کئی خواتین، بوڑھے، بچے، نواجوان لقمہ اجل بن چکے ہیں۔جن کی نہ ہی حکومتی سطح پر اور نہ ہی سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کی جانب کوئی داد رسی کی گئی اور نہ ہی کسی قسم کا تعاون کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ان تمام ہلاکتوں اور واقعات کے سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام کے خلاف حکومت ایف آئی آر درج کرائیں کیونکہ ان کی ہلاکتوں اور واقعات کی ذمہ دار سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام ہے جب تک انہیں کیفرکردار تک نہیں پہنچایا جاتا ان واقعات اور ہلاکتوں کا سدباب ممکن نہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت ان تمام شہریوں کی ہلاکتوں پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور کسی بھی حکومتی نمائندے میں یہ جرات نہیں وہ ان افسوسناک واقعات وہلاکتوں کا نوٹس لیں یا وہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام سے بیٹھ ان ہلاکتوں کے ذمہ داران کو کیفرکردار تک پہنچائیں۔ جبکہ ان واقعات میں جھلسنے والے افراد آج بھی شدید مہنگائی میں اپنا علاج ومعالجہ خود کرانے کیلئے درپدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں اور ہسپتالوں میں انہیں کوئی سہولت میسر نہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی حالیہ تمام افسوسناک واقعات پر جاں بحق ہونیوالے تمام افراد کیلئے دعائے مغفرت اور جھلسنے وزخمی ہونیوالے افراد کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتی ہے اور حکومت پر زور دیتی ہے کہ وہ ان متاثرہ افراد کے علاج ومعالجے کیلئے تمام سہولیات میسر کرے اور جان بحق افراد کے پسماندہ گان کے ساتھ خصوصی طور پر تعاون کیا جائے۔ جبکہ سوئی سدرن گیس حکام پر واضح کرتی ہے کہ وہ غیر اعلانیہ گیس کی لوڈشیڈنگ، پریشر کی کمی کا خاتمہ، اچانک گیس کی بندش کرنے،عدالتی توہین کے مرتکب اقدامات سلو میٹر چارجز بھیجنے اوراضافی گیس بلوں کے بھیجنے کا خاتمہ کرتے ہوئے عوام کو درست پریشر کے ساتھ گیس فراہم کریں۔


