فروری میں کچھ نہ کچھ ہونے والا ہے،رانا ثنا اللہ
اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما راناثنا اللہ نے حکومت سے متعلق پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ فروری میں کچھ نہ کچھ ہونے والا ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کا کہناہے کہ مسلم لیگ ق سے پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن کی ملاقاتیں اور ترین گروپ کی بیٹھک بے وجہ نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ فروری اور مارچ میں کچھ نہ کچھ ہونے والا ہے، اس بار حکومت کے خلاف کچھ نہ کچھ ضرور ہوگا۔ خیال رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا ایک شور برپا ہے جس کے لیے اپوزیشن کی جانب سے مختلف قسم کی تیاریاں بھی کی جا رہی ہیں۔ اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک کی کوششوں اور سرگرمیوں کی ”گریٹ گیم” جاری ہے اور ہر آنے والے دن میں اس حوالے سے ایک نئی پیشرفت سامنے آرہی ہے جس کا توازن اپوزیشن کے حق میں اور کبھی حکومت کی حمایت میں نظر آتا ہے۔رپورٹ کے مطابق بظاہر دکھائی دینے والے منظر پر فی الوقت اپوزیشن کو اپنے مقاصد میں کوئی فیصلہ کن کامیابی دکھائی نہیں دے رہی بالخصوص اپوزیشن کے بھاری بھرکم رہنماؤں نے حکومت کی اتحادی جماعتوں کے جن رہنماں سے ملاقاتیں کیں، جن سے رابطے کیے اور جن رہنماں کے ساتھ پیغام رسانی کی، اگرچہ ان کی جانب سے اپوزیشن رہنماں کو قطعی طور پر مایوس بھی نہیں کیا گیا لیکن واضح الفاظ میں کسی خوشخبری کی یقین دہانی بھی نہیں کروائی گئی۔تاہم اپوزیشن کے لیے اس حوالے سے مسلم لیگ ق انتہائی اہمیت اختیار کر گئی ہے، چوہدری شجاعت حسین کے گھر پر پھولوں کے ڈھیر لگا دیئے گئے ہیں۔ نصف صدی سے”رموز سیاست کے کھلاڑی“ اس ساری صورتحال سے خوب محظوظ ہو رہے ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان بھی صورتحال کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے اپنی طرز سیاست اور انداز تکلم میں حالات کے پیش نظر ہی سہی لیکن مثبت تبدیلی لارہے ہیں اور انہوں نے چوہدری فیملی پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا پھر”کم گو“اور مسلم لیگ ق کے اہم رہنما چوہدری مونس الہی نے وزیراعظم کو ساتھ نبھانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔


