کالاباغ ڈیم ہماری لاشوں پر بنے گا،ایمل ولی خان
پشاور:عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ کالاباغ ڈیم بجلی بنانے کا منصوبہ نہیں، پنجاب کی بنجر زمینوں کو آباد کرنے کا منصوبہ ہے،کالا باغ ڈیم قصہ پارینہ بن چکا ہے، دوبارہ اٹھانے کی کوشش کی گئی تواحتجاج کا میدان وہی ہوگا جہاں ملی مشر اسفندیارولی خان نے اس منصوبے کو دفن کیا تھا۔ وفاقی وزیر آبی وسائل کی جانب سے کالاباغ ڈیم کا معاملہ اٹھانے پر ردعمل دیتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ پنجاب کا وفاقی وزیر یاد رکھیں پاکستان صرف پنجاب نہیں، کالاباغ ڈیم ہماری لاشوں پر بنے گا۔یہ ملک ایک صوبے یا مخصوص گروہ کے ایما پر نہیں چل سکتا، ہر صوبہ کو آئین میں اختیار دیا گیا ہے۔ہمارے قدرتی وسائل پر قبضہ کیا جاچکا ہے اور اب زرعی پیداوار کو بھی تباہ کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی سے وفاداری کے سرٹیفیکیٹس نہیں چاہئیے لیکن گڑے مردے اکھاڑنے سے ملک کا نقصان ہوگا۔انہوں نے واضح کیا کہ واپڈا کی اپنی رپورٹ میں دو دہائی پہلے یہ کہا گیا تھا کہ کالاباغ ڈیم سے سکردو بجلی منصوبے کی لاگت600گنا کم ہے۔اسی رپورٹ کے مطابق کالاباغ 3500 میگاواٹ جبکہ سکردو 5000 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گی۔سندھ طاس معاہدے میں تین دریا بیچنے کا ملبہ ہم پر نہ ڈالا جائے، جس نے بیچے ہیں ان سے حساب لیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رحیم یار خان، بہاولپور، بہاولنگر کو آباد کرنے کیلئے دو صوبوں کو تباہ کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔کیا سندھ اور خیبرپختونخوا پاکستان کا حصہ نہیں کہ انکی آباد زمینوں کو بنجر کرکے تین اضلاع کو سیراب کرنے کی بات ہورہی ہے۔حکومت میں ہمت ہے تو آئے اور اپنے ماہرین لے کر آئیں، ہم ثابت کردیں گے کہ یہ پروپیگنڈا ایک صوبے کو سیراب کرنے کیلئے کیا جارہا ہے۔موجودہ حکومت میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ اس منصوبے میں جان ڈال دیں جو دہائیوں پہلے ہمارے اکابرین نے دفن کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی سمیت تمام جمہوریت پسند جماعتوں سے بات کی جائیگی اور اگر یہ پروپیگنڈا بند نہیں ہوا تو عوامی نیشنل پارٹی جلد اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔


