سی ایس ایس سال 2021ء کے نتائج کا اعلان،صرف 2فیصد امیدوار کامیاب
کوہاٹ:وفاقی پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی)نے مقابلہ کے امتحان سینٹرل سپریئر سروسز(سی ایس ایس) سال 2021 کے فائنل نتائج کا اعلان کردیا۔گزشتہ روزایف پی ایس سی کے ڈائریکٹر سید محمدایوب شاہ کے دستخط سے جاری نتائج کے مطابق سی ایس ایس کے امتحان برائے سال 2021 میں کل 17 ہزار240 اْمیدواروں نے شرکت کی جن میں 365 اْمیدواروں نے تحریری امتحان پاس کرلیا تاہم انٹرویو کے بعد 349 امیدواروں نے کوالیفائی کرلیا اور یوں مجموعی طورپر کامیابی کا تناسب 2.02 فیصدرہا۔نتائج کے مطابق انٹرویو میں 15اْمیدوار فیل قرار پائے جبکہ تحریری امتحان پاس کرنے والے ایک اْمیدوارکی اہلیت مسترد کردی گئی۔ فائنل رزلٹ کے مطابق 349اہل اْمیدواروں میں 218 مرداور131 خواتین شامل ہیں۔ کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق گریڈ 17 میں تقرری کے لئے میرٹ کی بنیاد پر وفاقی حکومت کے زیر انتظام مختلف گروپس اور سروسزمیں تقرری کے لئے 134 مرداور73خواتین سمیت کل207 امیدواروں کی سفار ش کی گئی ہے۔جاری میرٹ لسٹ کے مطابق سی ایس ایس کے امتحان برائے سال 2021 میں پہلی‘ دوسری اور تیسری پوزیشن بالترتیب حافظ علی نعیم شیخ‘ احسن فراز گوندل اور ہارون نے لے کر پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس (پی اے ایس) گروپ میں کامیابی حاصل کرلی ہیں۔ تینوں کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے جبکہ پنجاب سے ہی تعلق رکھنے والی خاتون اْمیدوار مہک فاطمہ نے میرٹ لسٹ میں چھٹی پوزیشن حاصل کرلی ہے اور پولیس سروسزآف پاکستان(پی ایس پی) گروپ میں کامیاب قرارپائی ہیں۔


