وزیراعظم عمران خان کو انکی حکومت جانے کا ادراک ہوچکا ہے، سربلند جوگیزئی
کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات و لانگ مارچ آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوئینر سردار سربلند خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو انکی حکومت جانے کا ادراک ہوچکا ہے،تحریک عدم آئی تو وزیراعظم نے اپنے ساتھی انکے خلاف ووٹ دیں گے، ٹاپ 10وزراء میں سے بھی لوگ انکے ساتھ نہیں ہونگے، بلوچستان سے جیالے بڑی تعداد میں چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کے قافلے کاحصہ بنکر لانگ مارچ کامیاب بنائیں گے، یہ بات انہوں نے پیپلز پارٹی کے 27فروری کے لانگ مارچ کے حوالے سے ڈویژنل صدور کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں کوئٹہ ڈویژن کے صدر خیر محمد ترین،قلات ڈویژن کے صدر رفیق سجاد زہری،رخشان ڈویژن کے صدر نعیم بلوچ،ژوب ڈویژن کے صدر سردار ہاشم سرگڑھ،سبی ڈویژن کے صدر میر ابرار کھیتران، لورالائی ڈویژن کے صدر رحمت اللہ کدیزئی، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام محی الدین رند نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈویژنل صدور نے لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے اپنے ڈویژن سے منسلک اضلاع کی رپورٹ پیش کی،اجلاس میں عوامی لانگ مارچ میں شرکت کے حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی،اس موقع پر سردار سربلند جوگیزئی نے عوامی لانگ مارچ کے لئے تمام اضلاع میں موبلائزیشن تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہونے والے عوامی مارچ میں بلوچستان سے ہزاروں کارکنان شرکت کریں گے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں نااہل حکومت کو گھر بھیجنے کے لئے بلوچستان کے جیالے پرعزم اور تیار ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری اور صوبائی قیادت کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے عوامی لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی عوامی رابطہ مہم انکی بوکھلاہٹ اور پریشانی واضح کر رہی ہے انکی تقاریر میں الفاظ انکا ساتھ چھوڑ رہے ہیں اب انہیں سمجھ نہیں آرہا ہے کہ وہ کیا کریں انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد جمہوری عمل ہے جس کے آتے ہی عوام دشمن حکومت کا خاتمہ ہوجائیگا پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ ملک میں حقیقی تبدیلی کی نوید ثابت ہونے والا ہے پارٹی کارکن اور جیالے بھر پور انداز میں عوامی لانگ مارچ میں شرکت کے مارچ کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں


