لاہور میں وزیراعظم عمران خان سے ن لیگ کے 6 ارکان پنجاب اسمبلی کی ملاقات
وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں پنجاب اسمبلی کے ارکان سے ملاقات کی اور ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں مسلم لیگ ن کے 6 ارکان اسمبلی بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور مزید ارکان کی حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عدم اعتماد سے پہلے اسلام آباد میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ اپوزیشن قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر 172 ووٹ پورے کر جائے تو مجھ سے کمزور کوئی نہیں ہوگا، اس وقت اپنی توجہ صرف اسلام آباد پر رکھیں۔
خیال رہے کہ وفاق میں اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرچکی ہیں جبکہ پنجاب میں بزدار حکومت کیخلاف تحریک انصاف کا جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ متحرک ہے۔
عمران خان کو وفاق اور پنجاب دونوں محاذ پر حکومت بچانے کا چیلنج درپیش ہے جس کے لیے وہ ان دنوں کافی متحرک ہیں اور سیاسی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔


