غیر جانبدار انتخابات سے سیاسی، سماجی اور معاشی ترقی ممکن ہے، ڈاکٹرمالک بلوچ
تربت:نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ مثبت سیاسی عمل سے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے جس پر نیشنل پارٹی حقیقی معنوں میں کاربند ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلگ میں پی این پی عوامی کے سینکڑوں کارکنان کی نیشنل پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر احسان شاہ کے 30سالہ پرانے ساتھی خدابخش مرزا، الہی بخش، حمزہ، شہدوست، عبدالواحد پسران خدابخش، میانداد عصا، عصا جمال اور جمال عصا ودیگرنے اپنے خاندانوں اور عزیزواقارب سمیت نیشنل پارٹی میں شمولیت کااعلان کیا۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی کا بنیادی مقصد عوام کی معیار زندگی کو بہتر بنانا، روزگار کے برابر مواقع کی فراہمی، آنے والی نسلوں کی بہترین تربیت اور صحت مند معاشرے کی تعمیر و تشکیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلگ شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ کا گھرہے، گزشتہ انتخابات کی طرح آنے والے الیکشن میں بھی کلگ نیشنل پارٹی کا قلعہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو مایوس نہیں کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی حقیقی جمہوری، سیاسی و وفاقی نظام پر یقین رکھتی ہے، پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی اور غیر جانبدار انتخابات سے سیاسی، سماجی اور معاشی ترقی ممکن ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیئرمین ضلع کونسل کیچ حاجی فدا حسین دشتی نے کہا کہ اس وقت ضلع میں پانچ ایم پی اے حکومت میں ہیں گزشتہ چار سالوں میں ایک بھی نمایاں اسکیم نظر نہیں آتا،اربوں روپے کے فنڈز کرپشن کی نذرہو چکے ہیں جبکہ نیشنل پارٹی نے مختصر دور حکومت میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں،یونیورسٹی، میڈیکل کالج، سٹی پروجیکٹ، ڈیٹ فیکٹری، کلچر سینٹر اور بس ٹرمینل اس کی واضح مثالیں ہیں۔پروگرام سے ضلعی صدر مشکور انور بلوچ، مرکزی کمیٹی کے رکن نثار احمد بزنجو، محمد جان دشتی، فیصل منشی محمد، فضل کریم، بی ایس او پجار کے وائس چیئرمین بوہیر صالح بلوچ نے خطاب کیا، اس موقع پر تحصیل آبسر کے صدر محمد اقبال، تحصیل تربت کے جنرل سیکرٹری حاجی رحیم بخش، حاجی ہاشم، ڈاکٹر ایم سلیم، حاجی ہاشم، حفیظ علی بخش بھی موجود تھے۔


