زونگ نے سی پیک روٹ پر 18 مخصوص انٹرنیٹ ایکسیس پوائنٹس بنادیے

اسلام آباد (انتخاب نیوز) زونگ نے سی پیک منصوبوں کے لیے خصوصی نیٹ ورک قائم کردیا۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق چائنا موبائل پاکستان کے تحت آپریٹ کرنے والی سیلولر کمپنی زونگ پاک چین اقتصادی راہداری کے مختلف منصوبوں کے ارد گرد خصوصی موبائل نیٹ ورک قائم کر رہی ہے اور اس سلسلے میں سی پیک روٹ پر 18مخصوص انٹرنیٹ ایکسیس پوائنٹس بنائے گئے ہیںجس کی ترجیح کاروباری افراد کو سہولت فراہم کرنااور لوکل ایریا نیٹ ورکس سے رابطہ قائم کرنا ہے۔پی ٹی اے کے مطابق سی پیک منصوبوں کے لیے زونگ فور جی بنیادی رابطے کی وجہ ہے جس کا ڈیٹا ہائی سپیڈ ہے اور نیٹ ورک فٹ پرنٹس مثالی ہیں۔زونگ ملک میں بہترین ڈیجیٹل سروس پرووائیڈر ہے۔بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے اور سی پیک کے لیے زونگ رابطے کا مرکزی عنصر ہے جس کا مقصد پاکستان بھر میں مواصلاتی رابطوں کو فروغ دینا ہے جن میں شاہرات،ریلوے،پائپ لائنز اوردیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شامل ہیں۔توانائی اور صنعتی شعبے کے منصوبوں کو بھی اس سے استفادہو گا۔رپورٹ کے مطابق زونگ نے تھر کول منصوبے کے پاس فور جی نیٹ ورک قائم کرنے کے لیے دن رات کام کیااور اب وہاں بہترین کووریج دستیاب ہے۔تھر کول پروجیکٹ سی پیک کا بہت اہم منصوبہ ہے جو سندھ کے صحرا میں موجود ہے جہاں پہلے کوئی نیٹ ورک نہیں تھا۔اب زونگ نے وہاں ڈیجیٹل سروس فراہم کردی ہے،ویلتھ پاک کے مطابق زونگ فور جی اس وقت جہاں تیز تر ڈیجیٹل سروس فراہم کر رہا ہے ان میں شاہراہ قراقرم،کروٹ ہائیڈرو پروجیکٹ،سکی کناری ،داﺅد ونڈ پاور،پورٹ قاسم،حبکو کول پاور پلانٹ،ساہیوال کول پاور پلانٹ اور زونرجی سولر پروجیکٹس شامل ہیں۔ان کی سروسز میں سمارٹ فون،موبائل براڈبینڈ،وائی فائی ڈیوائسزاور چھوٹے کاروبار کے لیے کسٹمرز پلیٹ فارم شامل ہیں۔مالی سال 2020-21میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں زونگ کے صارفین میں اضافہ ہوا ہے جو سی پیک کے اہم علاقے ہیں۔اس عرصے میں زونگ کے دس لاکھ نئے سبسکرائبرز بنے ہیں جبکہ براڈبینڈ صارفین میں پانچ لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔اس دوران زونگ نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 386ٹاورز لگائے ہیں ۔مالی سال 2020-21میں ملک بھر میں زونگ کے چار کروڑ نئے صارفین بنے ہیں جبکہ نئے انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 27لاکھ ہے۔زونگ کے ترجمان جنید شفقت نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ سی پیک منصوبوں کے ساتھ ساتھ پاکستان اور چین کے عوام میں روابط کو بڑھانا ہماری ترجیح ہے،زونگ فور جی ڈیٹا سروس سے خطے میں مواصلاتی انقلاب آئیگا اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔اس کے علاوہ سیاحت کے شعبے میں بھی ترقی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ زونگ واحد سروس ہے جو پاکستان سے چین لامحدود کالز کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ہم نے چین کال کرنے کے لیے پری پیڈ اور پوسٹ پیڈ بنڈل متعارف کرائے ہیں اور اب کاروباری افراد معمولی قیمت پر چین کال کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں