جیکب آباد، شوہر سے خلع مانگنے والی خاتون قتل
جیکب آباد (انتخاب نیوز) جیکب آباد میں شوہر سے خلع مانگنے والی خاتون نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آبادکے صدر تھانہ کی حدود گوٹھ عبدالمجید جکھرانی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک خاتون مسمات ظامر کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ حدود کی پولیس نے پہنچ کر لاش کو سول اسپتال منتقل کیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثہ کے حوالے کی گئی، پولیس کے مطابق قتل ہونے والی خاتون شوہر کے تشدد سے تنگ آکر اپنے والد کے گھر میں رہ رہی تھی اور اپنے شوہر سے خلع مانگ رہی تھی نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے اس کو قتل کردیاہے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکابندی کرکے واقعے کی مزید تفتیش کررہے ہیں، مقتولہ کے بھائی نے میڈیا کو بتایا کہ میرے بہن اپنے شوہر خالد جکھرانی کے تشدد سے تنگ آکر 6ماہ قبل گھر چھوڑ کر آگئی تھی اور میری بہن شوہر سے خلع مانگ رہی تھی جس پر اس کے شوہر خالدجکھرانی نے اپنے ساتھیوں نظام، غیبی، احمد، طارق اور نوبت جکھرانی کے ہمراہ ہمارے گھر پر حملہ کرکے بہن کو قتل کیا اور فرارہوگئے۔


