14 اراکین کو شوکاز کے بعد وزیر اعظم اکثریت کھو چکے، مریم نواز

اسلام آباد (انتخاب نیوز) نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے موجودہ سیاسی صورتحال میں اراکین اسمبلی کو 2 آپشنز دے دئیے۔مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کے سامنے دو راستے ہیں، پہلا یہ کہ عوام کے ساتھ کھڑے ہوجائیں۔ دوسرا یہ کہ آپ کی ڈوبتی کشتی میں غرق ہو کر رسوائی اور بدنامی کی تاریخ کا حصہ بن جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر بقول آپ کے چودہ اراکان آپ کا ساتھ چھوڑ گئے ہیں اور آپ نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کردیے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ 342 کے ایوان میں 165 ارکان آکے ساتھ رہ گئے ہیں، گویا آپ اکثریت کھو چکے ہو۔آپ وزیراعظم کے منصب کا اخلاقی، قانونی اور آئینی جواز کھو چکے ہو۔اب اقتدار سے چپکے رہنے کا فائدہ؟۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپوزیشن کے ساتھ ملنے والے منحرف اراکین کو شوکاز نوٹسز جاری کردیے ۔تحریک انصاف کے 14 منحرف اراکین کو شوکازنوٹس جاری کیے گئے، جنگ اخبار کے مطابق نوٹس نور عالم خان، افضل ڈھاندلا، نواب شیر وسیر، راجہ ریاض سمیت احمد حسین ڈیہر، رانا قاسم نون، غفار وٹو، باسط بخاری کو جاری کیا گیا۔ شوکاز کے متن کے مطابق منحرف اراکین کو وزیراعظم کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا، یہ بھی کہا گیا کہ ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو سے ثابت ہوگیا کہ آپ کے تمام لوگ پارٹی چھوڑ چکے۔نوٹس میں کہا گیا کہ ارکان وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد لانے والی اپوزیشن سے مل چکے ہیں۔ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا تھا کہ کہ صبح کا بھولا اگر شام کو واپس آجائے تواسے بھولا نہیں کہتے، منحرف ارکان باطل کو رد کردیں جو پیسے لیے ہیں ان سے یتیم خانے کھول کرسیاسی یتیم ہونے سے بچیں، عدم اعتماد میں وزیراعظم کی فتح یقینی ہوگئی ہے۔انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ منحرف اراکین ہوش کے ناخن لیں۔ ضمیر فروشی سے اپنی سیاست ہمیشہ کیلیے ختم کر رہے ہیں۔ صبح کا بھولا اگر شام کو واپس آجائے تواسے بھولا نہیں کہتے۔ ابھی کافی دن ہیں۔ عوام میں ذلت سے بہتر ہے۔ آئیں حق کے راستے پر آئیں، باطل کو رد کردیں۔ پیسے لیے ہیں تو اسے یتیم خانے کھول دیں سیاسی یتیم ہونے سے بچیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تو عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کی فتح یقینی ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں