لاہور ایئرپورٹ پر غیرملکی طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا
لاہور (انتخاب نیوز) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر غیر ملکی طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔غیر ملکی ایئر لائن کا طیارہ زیر تعمیر رن وے 18 لیفٹ پراترنے کیلئے اپروچ پر تھا، رن وے 18مرمتی کام کی وجہ سے بند تھا، جس کی وجہ سے اپروچ اور ٹاور پر تعینات ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کپتان کو لینڈنگ کرنے سے فوری طور پر روکا، اس وقت طیارہ زمین سے200 فٹ سے بھی کم بلندی پرتھا۔بتایا گیا ہے کہ اچانک ایئر ٹریفک کنٹرولر نے فوری طور پر کپتان سے رابطہ کیا اور رہنمائی فراہم کی، جس کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر طیارے رن وے نمبر 18 رائٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔ خیال رہے کہ رواں برس 5 جنوری کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے سعودی عرب کیلئے اڑان بھرنے والی پرواز حادثے سے بال بال بچی تھی، اسلام آباد سے سعودی عرب جانے والے پرواز نے جیسے ہی ٹیک آف کیا تو اس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی، جس کے باعث طیارے کے کپتان کو فوری طور پر ایئرٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کرنا پڑا جس میں پرواز کی دوبار لینڈنگ کی اجازت طلب کی گئی، جس کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرولر نے جہاز کے پائلٹ کو فوری طور پر ٹیکنیکل لینڈنگ کی اجازت دی۔معلوم ہوا کہ لینڈنگ کی اجازت ملنے پر طیارے کے کپتان نے انتہائی مہارت کے ساتھ جہاز کو لینڈ کروایا، جس کے بعد انجینئرز کی جانب سے طیارے کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا جب کہ مسافروں کو لانج میں منتقل کردیا گیا، امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ طیارہ آج دوپہر دوبارہ سعودی عرب کے لیے روانہ ہوجائے گا۔


