صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے ریفرنس دائر کرنیکی منظوری دیدی

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع سے بتایا ہے کہ ریفرنس سپریم کورٹ آف پاکستان میں آج صبح دائر کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری وزیراعظم کی ایڈوائس پر دی ہے۔

دائر ریفرنس میں پوچھا جائے گا کہ پارٹی ممبران وفاداریاں تبدیل کریں توووٹ کی قانونی حیثیت کیا ہو گی؟ اور منحرف ارکان کی نااہلیت تاعمر ہو گی یا دوبارہ انتخاب لڑ سکیں گے؟دائرریفرنس کوروزانہ کی بنیاد پرسن کرفیصلہ سنانے کی درخواست بھی کی جائے گی۔

پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اسد عمر نے اس سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ ریفرنس تیار ہوگیا ہے جو کل عدالت عظمیٰ میں پیش کردیا جائے گا۔

وفاقی وزیراسد عمر نے لکھا ہے کہ انشا اللہ اس کیس سے پاکستان کی سیاست میں ضمیر بیچ کر لوٹا بننے کا گھناؤنا کاروبار ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے گا اور حرام کے پیسے کی سیاست میں اثر ورسوخ میں کمی آئے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے 14 ارکان قومی اسمبلی کو اظہارِ وجوہ کے نوٹسز جاری کیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں