چاغی، تیل کاروبار کے ٹوکن قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کرنے کا فیصلہ
دالبندین (نامہ نگار) چاغی میں راجے بارڈر پر تیل کاروبار کے ٹوکن سیاسی سفارش کے بجائے غیر متنازع طریقہ کار کے تحت قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم ہوں گے، ضلعی انتظامیہ چاغی۔ ضلعی انتظامیہ چاغی کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق چاغی کے عوام کو سرحدی کاروبار کے شفاف مواقع فراہم کرنے کے لیے شفاف اور غیر متنازع اقدام اٹھاتے ہوئے راجے بارڈر تیل کاروبار کے ٹوکن قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق مستحق نوجوانوں کو روزگار کے شفاف مواقع فراہم کرنے اور ہر قسم کے سیاسی اثر و رسوخ سے بالائے طاق رکھنے کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعے ٹوکن تقسیم کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چاغی یاسر دشتی کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق قرعہ اندازی تمام اہم شراکت داروں کے سامنے ہوگی تاکہ اس سلسلے میں ٹوکنز کی تقسیم سب کے لیے قابل قبول ہو۔


