وفاقی وزراءکی سر کاری رہائش گاہوں پر سامان کی پیکنگ شروع
اسلام آباد (انتخاب نیوز) متحدہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کےلئے ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری کر لینے کے بعد وفاقی وزراءکی سر کاری رہائش گاہوں پر سامان کی پیکنگ شروع کر دی گئی ۔ ملک میں سیاسی صورتحال ، تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے حالیہ پیشرفتوں اور اپوزیشن کی طرف سے ارکان اسمبلی کی مطلوبہ تعداد ظاہر کئے جانے کے بعد وفاقی وزراءکی جانب سے اہم دفتر ی امور اور فائلیں نمٹانے میں تیزی آگئی ۔گزشتہ روز چند صحافیوں نے ایک اہم وزارت کے دفتری عملے سے بات چیت کی تو عملے کی طرف سے بتایاگیاکہ چند روز سے منسٹر صاحب کے رویہ میں کافی تبدیلی آگئی ہے اور وہ تمام سٹاف سے خوش اخلاقی سے پیش آرہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق بعض وفاقی وزراءکی سرکاری رہائش گاہوں پر سامان کی پیکنگ ہورہی ہے چند وزراءکی طرف سے سرکاری رہائش گاہوں سے سامان بھجوائے جانے کی اطلاعات بھی ملی ہیں ۔


