نیشنل سیکورٹی کمیٹی عمران بچاﺅ کمیٹی نہیں، جعلی خط قوم کے سامنے لایا جائے، مریم نواز
لاہور (انتخاب نیوز) لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خط اس لیے نہیں دکھایا، کیونکہ کوئی خط تھا ہی نہیں، خط سپریم کورٹ میں رکھنا چاہیے تھا، قوم کے سامنے رکھنا چاہیے تھا، وزارت خارجہ میں خط کو ڈرافٹ کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ اگر آپ خط سامنے رکھتے تو اس کا تیاپانچا ہوجاتا، اپنے سفیر کو آپ نے راتوں رات برسلز بھیج دیا، خط کے اصل کردار سفیر صاحب کہاں ہیں،آپ نے قومی سلامتی کے اعلامیے کا غلط استعمال کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ قوم سے کچھ باتیں کرنا چاہتی ہوں، کچھ دن سے جھوٹ اور پروپیگنڈے کا بازار گرم ہے، حکومت رخصت ہوتی ہے تو کارکردگی اور منصوبے لے کر عوام کے پاس جاتی ہے، جب نوازشریف کی حکومت ختم ہوئی تو ان کے منصوبے ختم نہیں ہوئے۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان پر اپنی رحمتیں نازل کرے، نواز شریف کے منصوبوں پر عمران خان جعلی تختیاں لگاتے رہے، کار کردگی اور منصوبوں کے بجائے حکومت جعلی خط لے آئی۔ انہوں نے کہا کہ ان کو علم تھا کہ جب خط قوم کے سامنے آئے گا تو پول کھل جائے گا، خط کا ڈرامہ کرنا تھا اس سے ایک دن پہلے پاکستانی سفیر کو راتوں رات امریکا سے برسلز بھیجا، یہ خط نہ تھا نہ ہے یہ ایک ڈرامہ تھا جس کا پول کھل چکا ہے، آپ نے قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیہ کا غلط استعمال کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ سازش کے ثبوت آپ کیا لے کر آئے؟ وہ تصاویر جس میں ہم ڈپلومیٹس سے مل رہے ہیں، آپ بھی ڈپلومیٹس سے ملتے رہے ہیں کیا وہ بھی سازش ہو رہی تھی۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ جب ہم ڈپلومیٹس سے ملتے ہیں تو ہم قوم اور ملک کی بات کرتے ہیں، ہم ڈپلومیٹس کے سامنے اپنے ملک کے خوبصورت تشخص کو اجاگر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قومی سلامتی کے اعلامیے کا غلط استعمال کیا، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی عمران بچاﺅ کمیٹی نہیں ہے، این ایس سی کو عمران خان نے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا، ملٹری ادارے سامنے آکر معاملے کی وضاحت دیں۔ مریم نواز نے کہا کہ جب ڈالر 186 سے اوپر چلا گیا تو یہ سازش کس ملک نے کی؟ گھی 120 سے 500 روپے کلو ہوگیا، یہ سازش کس نے کی؟ عمران خان نے ساڑھے تین سال قوم کا خون چوسا، چند روزہ اقتدار کے لیے عمران خان نے آئین کو توڑ دیا۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ڈکٹیٹرز نے اتنے بدترین طریقے سے آئین نہیں توڑا، جس بے شرمی سے عمران نے توڑا، آج سپریم کورٹ میں درخواست گزار پی ڈی ایم نہیں، پاکستان کا آئین ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کی بات کرتے ہیں، اسپیکر آئین کے تابع ہوتا ہے، آئین اسپیکر کے تابع ہوتا ہے۔


