آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس، خورشید شاہ احتساب عدالت میں پیش نہ ہوسکے
سکھر (انتخاب نیوز) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پی پی رہنما خورشید شاہ سپریم کورٹ میں مصروفیات کے باعث سکھر کی احتساب عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کوآمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں سماعت کے دوران پی پی رہنما سید خورشید شاہ کی جانب سے وکلا نے پیش ہو کر درخواست دی جبکہ صوبائی وزیر اویس قادر شاہ اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔احتساب عدالت نے کیس کی سماعت 19 اپریل تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت نے صوبائی وزیر اویس قادر شاہ کو عمرہ کی اجازت دے دی۔عدالت نے پانچ لاکھ کی ضمانت پر اویس شاہ کو سعودی عرب جانے کی اجازت دی۔صوبائی وزیراویس شاہ کا نام خورشید شاہ آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں شامل ہے۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کا پاسپورٹ بھی احتساب عدالت میں جمع تھا۔اویس قادر شاہ کے خلاف ایک اور تحقیقات بھی جاری ہے۔ اویس قادر شاہ نے نیب کی تحقیقات میں قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔اویس قادر شاہ کی عبوری ضمانت میں توسیع کی گئی۔صوبائی وزیر کی عبوری ضمانت میں دس مئی تک توسیع کی گئی ہے۔اویس قادر شاہ نے عدالت میں پیش ہو کر عمرہ کی ادائیگی کی اجازت طلب کی۔


