بھل صفائی اور کینال کے انفراسٹرکچر کیلئے خطیر رقم فراہم کی، صوبائی وزیر آبپاشی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی وزیر آبپاشی حاجی محمد خان لہڑی نے صوبائی سیکریٹری آبپاشی عبدالفتاح بھنگر کے ہمراہ پٹ فیڈر کینال کی بھل صفائی کے کام کا معائنہ کیا،انہوں نےآرڈی 238 اور جانو بیٹری تک کینال کا جائزہ بھی لیا ان کے ہمراہ سابق صوبائی وزیر میرعبدالغفور لہڑی چیف انجینئر کینالز قاضی عبدالرزاق سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن نصیرآباد سرکل عبدالحمید مینگل ایکس ای این فیڈر کینال حاجی محمد ابراھیم مینگل ایکس ای این ڈرینج مہراللہ انصاری میر نظام الدین لہڑی حاجی احمد سلطان لہڑی میرغلام لہڑی ایس ڈی اوز امان اللہ گاجانی نیاز احمد لہڑی محمد امین عمرانی ممتاز علی سومرو لیاقت علی پٹھان نصیب اللہ کھوسہ سمیت دیگر تھے اس موقع پر چیف انجینئر کینالز قاضی عبدالرزاق اور سپرنٹنڈنٹگ انجینئر عبدالحمید مینگل نے صوبائی وزیر آب پاشی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت پٹ فیڈر کینال کی مختلف آر ڈیز 261 سے لیکر 269 تک نو فٹ مٹی کی تہہ پڑی ہے آر ڈی 206 سے لیکر 232 تک سات فٹ مٹی کی تہہ موجود ہے جبکہ آڈی 281 سے لے کر330 تک چار فٹ مٹی سے کینال بھری پڑی ہے جس کی صفائی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے جبکہ چار ان لیٹ اسٹرکچر جو کہ آر ڈی 206 281 288 اور 298 پر تعمیر کیے جائیں گے ان لیٹ اسٹرکچر تعمیر کے بعد قدرتی نالوں کے پانی کے بہا¶ میں سلٹ کا کینال میں آنا رک جائے گا اور صاف پانی کینال میں شامل ہوگا انہوں نے بتایا کہ اوچ کینال اور مانجھوٹی پر گزشتہ پندرہ سالوں کے بعد محکمے کی مشینری کے ذریعے بھل صفائی کا کام شروع کیا جارہا ہے اس کے ساتھ محکمہ اوچ کینال کی ڈیوائڈ وال بھی تعمیر کی جائے گی جس سے ہمیں اپنے حصے کا پورا پانی مل سکے گا اس کے علاواہ پٹ سب ڈرین کا کام بھی شروع کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر آبپاشی حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ پٹ فیڈر کینال میں مٹی کی تہہ کی وجہ سے کسانوں اور کاشتکاروں کو طویل عرصے سے زرعی پانی کی فراہمی میں مشکلات درپیش تھیں جن کا ازالہ کرنا وقت کی ضرورت بن چکا تھا موجودہ صوبائی حکومت نے بھل صفائی اور کینال کی انفراسٹرکچر کی مکمل بحالی کے لیے خطیر رقم فراہم کر کے کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے ہیں پٹ فیڈر کینال کی بھل صفائی کے بعد کینال میں سترہ سو کیوسک زیادہ پانی آنے کی گنجائش ہو جائے گی اور مزید ایک لاکھ سے زائد ایکڑ اراضی سیراب ہوگی بھل صفائی کے اس اقدام سے کسانوں اور کاشتکاروں میں مزید خوشحالی آئے گی انہوں نےکہا کہ موجودہ حکومت عوام کے وسیع تر مفاد میں اقدامات کو عملی طور پر جامہ پہنا رہی ہے ہماری سیاست کا مقصد صرف عوام کی خدمت کرنا ہے ہم عوام کے لئے ہر ممکن اقدامات کرتے رہیں گے انہوں نےکہا کہ کینال سسٹم کی ڈھانچے کو مزید احسن انداز سے تعمیر کرنے میں ہم کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے نصیر آباد ڈویژن کی عوام کا ذریعہ معاش پٹ فیڈر کینال اور کیرتھر کینال سے وابستہ ہے انہوں نے کہا کہ کافی عرصے کے بعد پٹ فیڈر کینال کی بھل صفائی سے علاقے میں زرعی انقلاب برپا ہوگا محکمہ آبپاشی کے انجینئرز اپنی تمام تر توجہ کینال کے ڈھانچے کی بہتری پر مرکوز کریں اور بھل صفائی کے کام کی کڑی نگرانی کریں تاکہ یہ منصوبہ صحیح معنوں میں مکمل کیا جا سکے کام کے معیار کی جانچ پڑتال میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے ہم سب کا مقصد کاشتکاروں کے وسیع تر مفادات میں اقدامات کرنے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں