وزیراعظم شہباز شریف کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کی ٹیلی فونک مبارکباد
اسلام آباد (انتخاب نیوز) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کرکے عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون کیا اور انہیں وزیراعظم بننے پر مبارکباد پیش کی۔ ترک صدر طیب اردوان کا کہنا تھا کہ آپ کے وزیراعظم منتخب ہونے کی خبر پر بے حد مسرور ہوں ، یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی۔ بعد ازاں نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی بااعتماد بھائی ہیں جب کہ دونوں کے تعلقات میں مزید قربت لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ترک صدر طیب اردوان کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار بھی کیا۔ خیال رہے شہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد کسی بھی غیرملکی سربراہ مملکت کی جانب سے پہلا رابطہ ہے۔


