تنخواہوں میں اضافے پر شہباز شریف نے یوٹرن لے لیا،عثمان بزدار
لاہور (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم شہباز شریف پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی تقریر میں ہی شوبازیاں دکھا کر اگلے دن یوٹرن لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کے اعلان کو واپس لیے جانے کے فیصلے پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے ردعمل کا اظہار کیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلی تقریر میں ہی شوبازیاں دکھا کر اگلے دن یوٹرن لے لیا گیا، جب کہ پچھلے سال پی ٹی آئی حکومت نے تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کیا، 10 فیصد بنیادی تنخواہ میں اضافے کے ساتھ 25 فیصدالانس شامل تھے، اس سال وفاق میں مزید 15 فیصد اضافے کا نوٹی فکیشن بھی ہوچکا تھا۔خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کے فیصلے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ فیڈرل گورنمنٹ ملازمین کی تنخواہیں چند ماہ قبل ہی بڑھائی گئی تھیں، اس لیے فیڈرل گورنمنٹ کی تنخواہیں دوبارہ نہیں بڑھا رہے۔ گزشتہ روز چینی کی فی کلو قیمت میں یکدم اضافے پر بھی عثمان بزدار نے وفاقی حکومت کو طنز کا نشانہ بنایا تھا، ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹور پر فی کلو چینی کی قیمت میں ایک ساتھ 9 روپے اضافے پر وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا۔عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جنہوں نے چینی 55 روپے فی کلو کرنے کے دعوی کیا تھا ان کے پہلے دن چینی کی قیمت 10 روپے بڑھ گئی۔


