بلدیاتی انتخابات فہرستوں کے اجرا کے بغیرمنعقد کیے جارہے ہیں، این ڈی ایم
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات درست حلقہ بندیوں، انتخابی فہرستوں کی اجرا کے بغیرمنعقد کیے جارہے ہیں جس سے عوام اور شہری اپنے امیدواروں کو منتخب کرنے کے آئینی اور جمہوری حق سے محروم ہونگے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اضلاع کی سطح پر یونین کونسلوں، میونسپل کمیٹیوں اور میونسپل کارپوریشن کے حلقوں اور وارڈز کی تشکیل قانونی اور اصولی بنیادوں پر کرنے کے بجائے ایک ہی گاوں، محلہ اور انتحابی بلاک اور فہرست کو اندازے سے توڑ کر ایک ہی خاندان ،گھرانے کے ووٹرز کو مختلف انتخابی بلاکس اور وارڈز میں تقسیم کیا گیا ہیں جس کی وجہ سے امیدواروں کی درست نامزدگی اور حق رائے دہی سے عوام اور ووٹرز محروم ہونگے اور یہ کہ انتخابی حلقوں اور وارڈز کی سطح پر مرتب کردہ انتخابی فہرستیں الیکشن کمیشن کے کسی بھی دفتر اور کسی بھی ریٹرننگ آفیسر کو فراہم نہیں کی گی ہے اور یہ سارا عمل اندازے سے جاری ہے ۔جس سے یہ واضح ہے کہ الیکشن کمیشن صوبے میں حقیقی آئینی اور قانونی بلدیاتی انتخابات کے بجائے اسے مسلط کرکے اس عمل کو مکمل کر رہا ہے ۔لہذا نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ الیکشن کمیشن پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ بلدیاتی انتخابات اور مقامی حکومتوں کی اہمیت اور ضرورت اور اس کی آئینی حیثیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے مرحلے میں درست حلقہ بندیاں کرکے انتحابی بلاکس اور وارڈزکی تشکیل کرے اور اس کی بنیاد پر ووٹرز کی فہرستیں مرتب کرکے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرے تاکہ عوام اپنے امیدواروں کی درست نامزدگی اور انتخاب کرسکیں۔


