ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں، مولانا عبدالواسع
کوئٹہ:جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں اور تمام معاملات کھل کر بیان کردیے، اداروں پر مزید دشنام طرازی نہ کی جائے،سیاسی کارکن سیاسی معاملات میں اداروں کو نشانہ نہ بنائے، پی ٹی آئی حکومت اپنی نااہلی کی وجہ سے ایک آئینی طریقے کے ذریعے ختم ہوئی، عمران خان اپنی ناکامیوں کا ملبہ اداروں پر نہ ڈالے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ امید ہے نئی حکومت میں ملک کو معاشی اور سیاسی بحران سے نکل جائیگا، تمام ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں تو تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں، حکومتی اتحادیوں پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ماضی کو بھول کر آگے بڑھے۔ وزیراعظم شہبازشریف بہترین منتظم ہیں، اتحادی کوشش کریں کہ ذاتی پسند ناپسند سے بالاتر بہترین ٹیم فراہم کرے انہوں نے کہا کہ ثابت ہوا کہ وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے تین آپشنز اور این آر او کی درخواست کی گئی تھی۔ انکی حکومت بیساکھیوں پر قائم تھی اور جب بیساکھیاں ہٹ گئیں تو گرانے میں دو دن بھی نہیں لگے۔ بیرونی سازش کی رٹ لگانے والوں کا ڈرامہ آج اختتام پذیر ہوچکا ہے، اب فیصلے جمہور کریں گے۔ جب کرسی تھی تو ملک خوددار اور خودمختار تھا، آج کرسی نہیں تو پورے ملک کو غلام قرار دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام بلوچستان بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے اور آنے والے الیکشن میں کامیابی حاصل کرینگے۔


