سیکورٹی فورسز نے بارڈر پر بھتہ گیری کا بازار گرم کر رکھا ہے، نیشنل پارٹی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے گزشتہ روز چاغی کے سرحدی علاقے میں بارڈر ٹریڈ سے وابستہ ایک ڈرائیور کی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں شہادت اور احتجاج کرنے والے ڈرائیوروں پر اندھا دھند فائرنگ کے باعث آٹھ افراد کو شدید زخمی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بارڈر پر تعینات سیکورٹی فورسز نے بھتہ گیری کا بازار گرم کر رکھا ہے بھتے کا مطالبہ پورا نہ کرنے والے نادار تاجروں اور ڈرائیوروں کو گولیوں سے چھلنی کردیتے ہیں جو قابل مذمت اور باعث تشویش ہیے۔ ترجمان نے واضح کیا ہے کہ گزشتہ روز چاغی میں جو واقعہ پیش آیا وہ انسانیت سوز ہے بارڈر پر متعین فورسز نے گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس سے سات افراد زخمی جبکہ ایک نوجوان شہید ہوا۔ بعد ازاں دو سو سے زائد گاڑیوں کے انجن میں ریت ڈال کر ان کے ڈرائیوروں کو شدید گرمی میں بے آب و گیا صحرا میں چھوڑ دیا گیا جو تاحال اپنے گھروں کو نہیں پہنچ پائے جو بہت بڑے انسانی المیہ کا باعث بن سکتا ہیے حکومت کو چاہیے کہ واقعہ کا فی الفور نوٹس لیکر واقعہ میں ملوث اہلکاروں کو فوری طورپر گرفتار کرکے ان پر مقدمہ درج کیا جائے صحرا میں بے یارومددگار ڈرائیوروں کو ریسکیو کیا جائے۔ترجمان نے مطالبہ کیا ہے کہ بارڈر پر متعین فورسز کو امن امان یا بارڈر کی حفاظت تک محدود کرکے انہیں بارڈر ٹریڈ سے لاتعلق و الگ کیا جائے، ان ہی فورسز کے ہاتھوں کئی بار نہتے لوگ گولیوں کا نشانہ بنا ہیں اور بارڈر ٹریڈ سیاسی رشوت اور بھتہ خوری کا ذریعہ بن کر رہ گیا ہے، جس کے باعث بلوچستان بالخصوص بارڈر سے متصل علاقوں کے لوگوں کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے اور وہ نان شبینہ کے محتاج ہو گئے ہیں جبکہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار و افسران کروڑ پتی و ارب پتی بنتے جا رہے ہیں۔


