بلوچستان کے دیہی علاقوں میں نئے کاروبار کو فروغ دینے کا منصوبہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پاکستان پاورٹی ایلیوئشن فنڈ (پی پی اے ایف) اور نیشنل انکوبیشن سینٹر کوئٹہ اور بیوٹمز یو نیورسٹی کے درمیان معاہدے پر دستخط کر لئے گئے ہیں جس کے تحت بلوچستان کے دیہی علاقوں میں نئے کاروباروں کو فروغ دیا جائے گا۔پی پی اے ایف اس ضمن میں پائیدار ترقی کے اہداف سے جڑے 18 نئے کاروبار اور کاروبار کی تربیت کے مختلف پروگراموں کے لیے 10ملین روپے مہیا کرے گا۔تفصیلا ت کے مطابق معاہدے پر گزشتہ روز پی پی اے ایف کے سی ای او نادر گل بڑیچ اور وائس چانسلر بیوٹمز احمدفاروق بازئی نے دستخط کیے جبکہ اس موقع پر پی پی اے ایف کے گروپ ہیڈ شمس بدرالدین، ارشاد خان عباسی، این ؤئی سی کے ڈائریکٹر محمد شاہ اور پی پی اے ایف اور بیوٹمس کی سینئر منجمنٹ سے تعلق رکھنے والے اراکین موجود تھے۔پی پی اے ایف اور این آئی سی دیہی ترقی کے حوالے سے پی پی اے ایف کے گراسپ منصوبے سے مستفید ہونے کے لیے چھوٹے کاروباروں کی معاونت اور رہنمائی بھی کریں گے۔پی پی اے ایف کے سی او او نادر گل بڑیچ نے معاہدے پر دستخطوں کے موقع پر کہا کہ بلوچستان کی ترقی پی پی اے ایف کے ترقیاتی ایجنڈے میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ہمارا یقین ہے کہ صوبے کی دیہی آبادیوں کو آگے لے کر چلے بغیر پاکستان کی ترقی و خوشحالی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پی پی اے ایف اور این آئی سی کی مشترکہ کاشوں سے صوبے کے دیہی علاقوں میں چھوٹے کاروباروں کو فروغ دینے کے حوالے سے اہم پیشرفت کی جا سکے گی۔


