عوام بلدیاتی انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی کو سپورٹ کریںگے، زمرک خان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر خوراک انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ، ہم کسی کے لئے بھی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے بلکہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے ، بلدیاتی انتخابات میں کوشش کریں گے کہ تمام اقوام کو ساتھ لیکر چلیں ، ضلع قلعہ عبداللہ میں بلدیاتی انتخابات کے لئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو ان تمام تر معاملات کو دیکھیں گی اور پارٹی سے وابستہ جو بھی انتخابات میں حصہ لینا چاہتے ہیں وہ کمیٹی سے رابطہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی مجلس عاملہ قلعہ عبداللہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک عثمان اچکزئی ، ضلعی صدر خان محمد کاکڑ ، حاجی جبار کاکڑ ، جنرل سیکرٹری جمیل پیرعلی زئی ، عنایت عبدالرحمان زئی اور محب اللہ نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر ضلعی پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا گیا جو پانچ رکنی کمیٹی پر مشتمل ہے جس میں ملک عثمان اچکزئی ، خان محمد کاکڑ ، حاجی اکبر عبدالرحمان زئی ، جمیل پیرعلی زئی اور حاجی جبار کاکڑ شامل ہیں ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ جس طرح عام انتخابات میں قلعہ عبداللہ کے عوام اور مختلف قبائل نے عوامی نیشنل پارٹی کو سپورٹ کیا اور کامیابی سے ہمکنار کیا اب بھی یہی توقع ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی کو سپورٹ کریںگے انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی کے رکن بلدیاتی انتخابات میں روا داری بھائی چارے اور امن کو فروغ دیں اور بلدیاتی انتخابات میں کسی بھی سیاسی جماعت اپنے رشتہ داروں یا کسی بھی قبیلے اس بنیاد پر اختلاف نہ رکھیں کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ہمیں چاہے کہ امن بھائی چارے کو فروغ دیں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کسی کے لئے بھی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے اور اپنے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے 29 مئی کو قلعہ عبداللہ کے عوام ایک بار پھر عوامی نیشنل پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کریں گے بلدیاتی انتخابات کے لئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جو پارٹی کے امیدواروں کو ٹکٹیں جاری کریں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں