وفاقی پارلیمانی نظام کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جائیں گے، مولانا واسع
کوئٹہ (انتخاب نیوز) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ جمعیت علما اسلام بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گی ، کارکن اپنے اپنے علاقوں میں جمعیت کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لیے دن رات ایک کر کے کام کریں ، بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد عام انتخابات کیلئے بھی راہ ہموار ہو گی سابقہ حکمرانوں سے حساب لیں گے ۔ مولانا واسع نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ نئی حکومت بنی ہے وہ زیادہ سے زیادہ ایک سال کے لیے ہیں ، پاکستان کے وفاقی پارلیمانی نظام کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جائیں گے،انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے اندر جمعیت علما اسلام کا اپنا وجود، تشخص اور موقف ہے، ہم ان سے کہہ رہے ہیں کہ ہمیں اب بھی فوری طور پر الیکشن چاہیے۔ہم نے عمران نیازی کورخصت کر دیا ہے لیکن قوم کی امانت واپس کرنا ہماری ذمہ داری ہے جس کے لیے ہم نے جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ انتخابی نظام میں خامیاں ہیں تو جو ناگزیر ہوں وہ انتخابی اصلاحات کر لیں، ہم اپنے مقف پر قائم ہیں، مصلحت کی بھی حد ہوتی ہے، غیر ضروری التوا شاید جے یو آئی کا موقف نہ ہو، اس پر ہم اپنی رائے رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی بقا اور ترقی کے لیے کام کریں گے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے اور نیازی حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا تھا اب معیشت کوٹھیک کرنے کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے آئندہ انتخابات میں جمعیت علما اسلام بلوچستان کی سطح پر بھرپور کامیابی حاصل کرینگے۔


