مطالبات کی عدم منظوری پر غیر معینہ مدت تک دھرنا دیں گے، ورکرز گرینڈ الائنس
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ: بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس کے رہنماﺅںنے 25فیصد ڈسپیرٹی ریڈکشن الاﺅنس اور دیگر مطالبات سے متعلق نوٹیفکیشن کا اجراءنہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ اگر فوری طور پر ملازمین کے تسلیم کئے گئے مطالبات سے متعلق نوٹیفکیشنز کا اجراءنہیںکیا گیا تو غیر معینہ مدت تک دھرنے سمیت دیگر آپشنز کا استعمال کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار بیوگا کے صدر حاجی حبیب الرحمن مردانزئی نے گزشتہ روز گرینڈ الائنس میں شامل ملازمین تنظیموںکے اجلاس کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ حبیب الرحمن مردانزئی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بیوگا کے داد محمد بلوچ، عبدالسلام زہری، علی بخش جمالی ماما سلام بلوچ اور دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر بیوگا کے صدر حاجی حبیب الرحمن مردانزئی کا کہنا تھا کہ قدرتی وسائل سے مالا مال صوبے کے ملازمین کو حکومت بار بار سڑکوں پر آنے پر مجبور کر رہی ہے، 25فیصد ڈسپیرٹی ریڈکشن الاونس اور دیگر مطالبات جوکہ حکومتی کمیٹی کے ساتھ طے ہوچکے ہیں انکا نوٹیفکیشن جلد ازجلد جاری کیا جائے اگر تسلیم شدہ مطالبات سے متعلق فوری نوٹیفکیشن کا اجراءنہ کیا گیا تو ملازمین ایک بار پھر صوبائی حکومت کوئٹہ کا رخ کرکے غیر معینہ مدت تک دھرنا دینے پر مجبورہوں گے ۔ انہوںنے کہا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں عید کے بعد 25مئی کو احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائےگا ۔ انہوںنے کہا کہ ملازمین کے مطالبات سے متعلق حکومت کی وعدہ خلافی قابل تشویش ہے اس لئے ملازمین مجبور ہوئے ہیںکہ وہ اب فیصلہ کن احتجاج کی راہ اپنائیںگے اور نوٹیفکیشن کے اجراءتک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوںنے کہا کہ پچھلی بار ہمارے غریب صوبے کے غریب ملازمین پر حکومت نے دومرتبہ شدید آنسو گیس کی شیلنگ کی اس کے بعد حکومت نے صرف ایک ہفتے کا وقت مانگا کہاکہ ایک ہفتے کے اندر اندر نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا لیکن پھر حسب روایت اپنے وعدے سے یکسر مکرگیا اور ملازمین کے جازمطالبات کو ایک مرتبہ پھر سردخانے میں دفن کیا ۔ اب حکومت ٹھس سے مس نہیں ہورہی ہے لہذا ہم حکمرانوں کو بتا دینا چاہتے ہیں ملازمین کے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہوشربا مہنگائی کے باعث سرکاری ملازمین دو وقت کی روٹی خریدنے سے محروم ہوچکے ہیں، حکومت کی جانب سے بیرونی ایما پر ٹیکسز کی بھرمار سے ملازمین کا سفید پوشی کا بھرم رکھنا ناممکن ہوچکا ہے، زیر تعلیم تمام طلبا و طالبات کے والدین سے اپیل کرتے ہیں کہ 25 مئی بروزبدھ کو صوبے بھر کے ملازمین کوئٹہ میں ہونگے اس لئے اپنے بچوں کو تعلیمی اداروں میں بھیجنے سے گریز کریں۔


