ٹیکری ولیج میں گرلز پرائمری اسکول کو واگزار کرایا جائے، ماڑی پور یکجہتی کمیٹی

کراچی (انتخاب نیوز) ماڑی پور یکجہتی کمیٹی کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے سامنے گرلز پرائمری اسکول پر قبضے کیخلاف احتجاج۔ ماڑی پور یکجہتی کمیٹی کے ذمہ داران، کارکنان، ماڑی پور کے باشعور عوام، تعلیم دوستوں، وکلا براداری، سیاسی و سماجی شخصیت، طلبہ، انسانی حقوق کے محافظ سمیت زندگی کے تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے پریس کلب کراچی میں گورئمنٹ گرلز پرائمری اسکول ماری پور ٹیکری ولیج پر قبضے کیخلاف اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ماڑی پور یکجہتی کمیٹی کے ذمہ داران نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکری ولیج ماڑی پور میں قائم واحد گرلز پرائمری اسکول جوکہ 1996ء میں قائم کیا گیا تھا، اس اسکول کا مقصد ٹیکری ولیج کی بچیاں حصول تعلیم سے آراستہ ہوکر اپنے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ مگر بدقسمتی سے یہ اسکول کچھ عرصہ چلنے کے بعد اچانک بند ہوگیا، اس اسکول کی کل اراضی 150×450 ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ اسکول کو منشیات کے عادی افراد نے اپنی آماج گاہ اور لینڈ مافیا کے کارندوں نے اپنا قبضہ جمانے کی کوشش کی، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لینڈ مافیا نے مختلف ذریعے سے اس پر باقاعدہ قبضہ کرنا شروع کردیا۔ گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول ٹیکری ولیج کو دوبارہ فنکشنل کرنے کے لیئے ہم نے مختلف اداروں کو درخواستیں دیں مگر افسوس بچیوں کے حصولِ تعلیم کے لیئے ماتحت اداروں نے کوئی بھی ایکشن نہیں لیا۔ اب یہ لینڈ مافیاز کے کارندے مختار کار ضلع کیماڑی صابر میرانی، تپیدار ماڑی پور فتح تن اور اے سی ماڑی پور بشارت حسین کی سربراہی میں پورے اسکول کی زمین پر قبضہ کررہا ہے، ان قبضہ مافیاز کو ڈی سی ضلع کیماڑی کا عملہ و مختارکار گوٹھ آباد ضلع کیماڑی صابر میرانی فتح تن اور اے ڈی ماری پور بشارت حسین نے ان لینڈ مافیاز کو رشوت لے کر انہیں جعلی نقشہ، جعلی سندیں اور جعلی ویریفکیشن دے کر لینڈ مافیاز کو قبضہ کرنے کی اجازت دی ہے جس کیخلاف ایس ایچ او ماڑی پور بھی بے بس ہیں۔ ہم یہ سمجھتے ہے کہ قبضہ مافیا کے اس اقدام سے ماڑی پور کی تعلیم متاثر ہورہی ہے۔ اس کے ساتھ یہ مافیا اردگرد کی اراضی پر قبضہ کرنے کی سوچ رہے ہیں۔ لہٰذا ہم اہالیان ماڑی پور راشی افسران کے کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کرتے ہیں اور تمام طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کرتے ہیں کہ ہماری اس مہم کا حصہ بن کر جدوجہد میں شامل ہوجائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں