سانحہ چاغی میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی تک حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے، آغا خان احمدزئی
قلات (انتخاب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی قلات کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرے کی قیادت بی این پی کے ضلعی آرگنائزر پرنس آغا قلندر خان احمد زئی نے کی جبکہ اس موقع پر سی سی کے ممبر حاجی عبدالفتاح عالیزئی، ڈپٹی آرگنائزر مصدق بلوچ، میر قادر بخش مینگل، ملک ناصر دہوار، کامریڈ خیر جان بلوچ، وڈیرہ رحیم مینگل، احمد نواز بلوچ، یاسین بلوچ، عبدالعلیم مینگل، شفیع محمد مینگل، میر غلام نبی شاہوانی، میر غلام مصطفی مینگل، حاجی محمد رفیق سمیت بی این پی کے بلدیاتی الیکشن میں نامزد امیدواران و آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین بڑی تعداد میں شریک تھے۔ مظاہرین نے پارٹی جھنڈے بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے بی این پی کے سنٹرل کمیٹی کے ممبر ٹکری شفقت اللہ لانگو و دیگر نے کہا کہ چاغی نوکنڈی واقعہ ایک دلخراش اور افسوسناک واقعہ ہے ایسی واقعات سے نفرتیں جنم لیتی ہیں، بارڈرز سے ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو روزگار سے روک کر انہیں نان شبینہ کا محتجاج کیا جارہا ہے گزشتہ روز سیکورٹی فورسز جو کہ عوام کے محافظ کہلاتے ہیں جنہوں نے فائرنگ کرکے معصوم نہتے لوگوں حتیٰ کہ بچوں کو بھی گولیوں سے چھلنی کیا جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ بی این پی بلوچستان کے ساحل، وسائل اور عوام کے حقوق کیلئے روز اول سے جدو جہد کررہی ہے۔ قائد اختر جان مینگل نے اقتدار کی کرسی کو لات مار کر بلوچستان کے محکوم مظلوم عوام کے خاطر نعرہ حق بلند کیا اور پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر تاریخی جدوجہد کرکے عمران نیازی کو گھر بھیجنے میں اہم کردار ادا کیا اور اب حالیہ چاغی واقعہ پر کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک واقعہ میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی نہیں کی جاتی بی این پی اس حکومت کا حصہ نہیں بنے گی اور انہوں نے وفاقی کابینہ کے حلف برداری میں حصہ تک نہیں لیا، بلوچستان کے عوام پر ہر حکمران آکر آتش و آہن کا فارمولا استعمال کیا ہے مگر بی این پی بلوچستان کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیگی۔ آخر میں مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔


