تحقیقاتی اداروں کو جامعہ کراچی حملے کی بم ڈسپوزل اسکواڈ رپورٹ موصول
کراچی (انتخاب نیوز) تحقیقاتی اداروں کو جامعہ کراچی میں ہونے والے خودکش بم دھماکے پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ موصول ہوگئی، رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 3 سے 4 کلو ہائی ایکسپلوزو بارودی مواد استعمال کیا گیا، بی ڈی ایس رپورٹ کے مطابق دھماکے کےلیے بڑی مقدار میں اسٹیل بال بیرنگ کا استعمال بھی کیا گیا ہے، رپورٹ کے مطابق خودکش حملہ آور خاتون نے ایک میٹر کے فاصلے سے خودکش حملہ کیا، خودکش بمبار کے جسمانی اعضاءاور برقعے کے حصے حاصل کرلیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ جامعہ کراچی میں ہوئے خودکش دھماکے میں چینی باشندوں کی وین کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 3 شہریوں سمیت 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوئے ہیں۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں خاتون خودکش بمبار کو چینی باشندوں کی گاڑیوں کو نشانہ بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔ قبل ازیں انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس قبل بھی ایک خاتون خودکش دھماکا کرچکی ہے، انہوں نے کہا کہ واقعہ کو سیکورٹی کوتاہی نہیں سمجھتا، یونیورسٹی میں ہزاروں طلبہ آتے ہیں سب کے بیگ چیک نہیں کیے جاسکتے۔ واضح رہے کہ خودکش حملے کی ذمے داری ایک کالعدم تنظیم نے قبول کرلی ہے۔


