تمام لاپتہ افراد کو رہا کرکے ناانصافیوں کاازالہ کیاجائے، طاہر بزنجو

کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماءسینیٹر طاہر بزنجو نے کہاہے کہ لاپتہ افراد کو فی الفور رہا کیاجائے ناانصافیوں کاازالہ نہ کیاگیا تو حالات اس سے بھی گھمبیر ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری بااختیار طبقے پر عائد ہوگی ،کراچی یونیورسٹی کے سامنے خودکش حملے کی کوئی بھی ذی شعور حمایت نہیں کرسکتا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر طاہر بزنجو نے کہاکہ ہم نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بلوچ لاپتہ افراد کامسئلہ اٹھایا کیونکہ یہ مسئلہ دن بدن گمبھیر شکل اختیار کرتاجارہاہے بہت سے خاندان آج بھی اپنے پیاروں کے انتظار میں ہیں کہ عید کی خوشیاں ان کے ساتھ گزاریں گے لیکن ان کے آنے کی کوئی امید نہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں ایک پڑھی لکھی خاتون شاری بلوچ کی خودکش حملے کی کوئی بھی باشعور شخص حمایت نہیں کرسکتا تاہم اگر بلوچستان کے مسئلے کو حل نہ کیاگیا تو خدشہ ہے کہ حالات مزید گمبھیر ہوجائیںگے کیونکہ بلوچ تعلیم یافتہ نوجوانوں کے مسائل حل نہ ہونے کی وجہ سے وہ قلم کی بجائے بندوق کی طرف جارہے ہیں اب بھی وقت ہے کہ بلوچستان کے ساحل وسائل اور صوبے کے عوام کے حقیقی مسائل کو حل کیاجائے کیونکہ گزشتہ 74سالوں میں بلوچستان کے مسئلے کی طرف کسی نے بھی توجہ نہیں دی ہم نے صوبے کے مسائل کا ہر فورم پر نشاندہی کی ہے ،بلوچستان کامسئلہ سیاسی ہے اور اس کا سیاسی طریقے سے حل نکالاجائے یہ دانشمندی کاتقاضا ہے تمام لاپتہ افراد کو رہا کرکے ناانصافیوں کاازالہ کیاجائے بصورت دیگر ہر گزرتا دن اس سے بدتر ہوتاجائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں