چینی باشندوں کی سیکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، پرویز اشرف
اسلام آباد (انتخاب نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق راجہ پرویز اشرف نے چینی سفارت خانے کا دورہ کیا، جامعہ کراچی دھماکے کے نتیجے میں چینی باشندوں کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا، راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان اپنے چینی بھائیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی پر حملہ ہوا ہے، پاکستان دشمن کا تعاقب کرے گا، اپنے مذموم مقاصد کے ذریعے پاک، چین اقتصادی راہداری منصوبے کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں، پاکستان عظیم دوست چین کے ساتھ اپنی سدابہا، لازوال دوستی پر آنچ نہیں آنے دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا، پاکستانی عوام چینی باشندوں کی ہلاکتوں پر افسردہ ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے چینی سفارت خانے میں مہمانوں کے لیے رکھی گئی کتاب میں چینی باشندوں کے جانی نقصان پر چین کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی تاثرات قلمبند کیے۔


