معاشی مشکلات کے حل کیلئے جامع حکمت عملی تیار کی جائے، وزیر اعظم

لاہور (انتخاب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے درپیش معاشی مشکلات کے حل کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔دورہ لاہور کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ملاقات ہوئی۔اس دوران وزیراعظم شہباز شریف نے درپیش معاشی مشکلات کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے موثر طریقے سے حل کرنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مزید ہدایت کی کہ عوام کو اشیائے خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔مزید برآں وزیراعظم نے نظام بینکاری کو عام آدمی کی معاشی فلاح و بہبود کے لیے آسان بنانے پر زور دیا،ملاقات کے دوران صدر حبیب بینک محمد اورنگزیب،چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اس سے قبل وزیراعظم نے ملک میں چینی کا ذخیرہ اور قیمت مستحکم رکھنے کے لئے بڑا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی ضرورت کو پہلے پورا کرنا ہے، قیمت کو مستحکم کرنا ہے۔وزیراعظم نے ایکسپورٹ پر پابندی کے ساتھ اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کا بھی حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوروں اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔وزیراعظم نے اپنے احکامات پر موثر عمل درآمد سے مسلسل آگاہ کرنے کی بھی متعلقہ اداروں کو ہدایت کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں