ڈیرہ بگٹی، پیر کوہ میں قلت آب کے باعث ہیضے کی وباء مزید پھیلنے کا خدشہ
ڈیرہ بگٹی:ضلع ڈیرہ بگٹی کے نواحی علاقے پیرکوہ میں قلت آب کے باعث ہیضے کی وبا پھیلنے کے سبب تاحال 4 افراد جاں بحق جبکہ سینکڑوں اس سے متاثر ہوئے ہیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اعظم بگٹی کے مطابق گزشتہ ماہ 17 تاریخ کو قلت آب کے باعث آلودہ پانی پینے کے باعث ہیضے یا کالرہ کی وبا سامنے آئی شروع میں متاثرین کی تعداد انیس تھی جبکہ تعداد تیزی سے بڑھتی ہوئی سترہ سو تک پہنچی اس دوران آفیشلی طور پر ہمارے ہاں زیر علاج چار مریض انتقال کرگئے جبکہ سینکڑوں متاثر ہیں محدود دستیاب وسائل کے مطابق بھرپور کوشش ہے کہ مرض یا وبا کو مزید پھیلنے سے روکا جائے اس سلسلے میں محکمہ صحت کو مقامی انتظامیہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی ممتاز کھیتران عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کی مدد حاصل ہے ڈاکٹر اعظم بگٹی کے مطابق مسئلے کا مستقل حل صرف اور صرف علاقہ مکینوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی ہے اس سلسلے میں ہم نے پیرکوہ ٹان کو پاترہ نالہ سے آلودہ پانی کی فراہمی منقطع کردی ہے جبکہ پینے کے لئے موجود پانی میں کلورین کے استعمال بھی شروع کر رکھا ہے انہوں نے پی ایچ ای اور ضلعی انتظامیہ سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی حتی الوسع کلورینیشن کے عمل میں محکمہ صحت انتظامیہ کا ساتھ دیں جبکہ صاف پانی کی فراہمی کے دوران علاقہ مکینوں میں برابری کی بنیاد پر بھی پانی کی تقسیم کو یقین بنائیں۔


