حق دو تحریک کی مقبولیت سے مسلط ٹولہ اور حواری متحد ہوگئے،جماعت اسلامی

گوادر (بیورورپورٹ) حق دو تحریک کی مقبولیت سے گھبراکر چالیس سال سے مسلط ٹولہ اور اس کے حواری متحد ہوگئے۔ گوادر کے عوام سوداگر ٹولہ سے ہوشیار رہے۔ حق دو تحریک کو عوامی نمائندگی ملی تو چار سال کے دوران گوادر کا نقشہ تبدیل کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ مولانا ھدایت الرحمن اور سینئر رہنماء حسین واڈیلہ نے شہدائے جیونی چوک پر بلدیاتی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ حق دو تحریک نے عوام کو خوف اور ڈر کے ماحول سے نکال کر جرآت کے ساتھ جینے کا ڈھنگ سکھایا جبکہ یہاں پر برسر اقتدار ٹولہ نے عوام سے ووٹ حاصل کرکے اپنا بنک بیلنس بڑھایا ملافاضل چوک کا ابلتا ہوا گٹر اور اسپتالوں میں پیناڈول کی عدم دستیابی چالیس سے قابض ٹولہ کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے اپنی کارکردگی پر عوام کے پاس ووٹ حاصل کرنے کے لئے جاتے ہیں لیکن یہ ٹولہ دولت کے بل ہوتے پر سرگرداں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب چیک پوسٹوں پر عوام کی تذلیل ہوتی رہی اور ماہی گیروں کو سمندر میں شکار کے دوران تضحیک کا نشانہ بنایا گیا تو یہ ٹولہ پردے میں چھپا رہا اب جب ووٹ کا سیزن آگیا ہے تو یہ پردے سے نکل گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حق دوتحریک نے اپنی جدو جہد سے ایسے مسائل حل کئے جو نا ممکنات میں شامل تھے حق دو تحریک نے وقت کے فرعونوں کو عوام کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا اور یہ ٹولہ ڈر کے مارے خاموش رہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ووٹ کی پرچی کا مسئلہ نہیں بلکہ ظلم اور زیادتیوں کے خلاف بغاوت کا ہے عوام خود اس بات کا جائزہ لیں کہ جن قوتوں کو انہوں نے اقتدار تک پہنچایا انہوں نے عوام کو کیا ریلیف فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ حق دو تحریک کی مقبولیت اور عوامی پذیر آئی سے گھبراکر چار جماعتی اتحاد قائم ہوا ہے یہ چار جماعتی اتحاد نہیں چار کتابی اتحاد ہے اور چار کتابی کا کوئی دین و ایمان نہیں ہوتا یہ ضمیر خرید کر عوام کے ووٹ کے اظہار پر ڈاکہ ڈالنے کی مذموم کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حق دو تحریک عوام کی عزت، غیرت اور بنیادی حقوق کا ضامن ہے قوم پرست سیاست جماعتیں قوم پرستی کے نام پر دھبہ ہیں یہ اقتدار کے لئے عوام سودا کرتے ہیں یہ وطن اور قوم کے مجرم ہیں اگر ان کو مزید موقع دیا گیا تو یہ آگے بھی قوم فروشی کی دکان سجھائینگے عوام ان کو مسترد کرکے ان کو ان کی اوقات دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ حق دو تحریک ہی عوام کا نجات دہندہ ہے عوام چار کتابی اتحاد کو شکست فاش دیں نوجوان اور بزرگ گھر گھر جاکر الیکشن مہم کو کامیاب بنائیں اگر یہ ٹولہ کامیاب ہوگیا تو ہماری نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں نگی۔ انہوں نے کہا کہ حق دو تحریک بلدیاتی انتخابات کی کامیابی کے بعد چالیس سالہ ٹولہ سے پائی پائی کا حساب لے گا۔ عوام ہمیں صرف چار سال کے لئے آزمائے وعدہ کرتے ہیں کہ یہاں پر پانی کا مسئلہ نہیں ہوگا اور نہ ہی علاج کے لئے غریب لوگوں کو ھسپتالوں میں رلنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر چالیس سال سے برسر اقتدار ٹولہ اور اس کے اتحادی ووٹ مانگنے آئیں تو ان سے یہ سوال ضرور پوچھیں کہ میر صاحب چالیس سال سے ملا فاضل چوک کا گٹر کیوں ٹھیک نہیں ہوا ہے اور چالیس سال سے سرکاری اسپتالوں میں پیناڈول کی گولی کیوں دستیاب نہیں۔ جلسہ کے آغاز سے قبل قاعد حق دوتحریک نے اپنے پینل کے نامزد بلدیاتی امیدواروں سے حلف بھی لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں