بلوچستان کی خواتین صلاحیت میں کسی سے پیچھے نہیں، ندا مینگل

خضدار (انتخاب نیوز) خضدار گزگی وارڈ نمبر 21سے بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی)کی فیمیل امیدوارندا مینگل نے کہاہے کہ وہ خضدار میں پہلی خاتون ہے جو کہ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لے رہی ہے اور دیگر سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کا مقابلہ کررہی ہے ان کا کہنا تھاکہ وہ ہارجیت پر یقین نہیں رکھتی بلکہ وہ جذبے کے تحت عوامی خدمت کی سوچ کے تحت الیکشن کا حصہ بن کر عوام کی رہنمائی کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں عوام نے سب کو آزمایا ہے ہمیشہ بلدیاتی نمائندوں نے عوام کو دھوکہ دینے اور عوام کے ساتھ غلط بیانی کے سوا کچھ تعاون نہیں کیا، عوام ان رویاتی امیدواروں کو سمجھ کر اب اپنا ووٹ ان کے حق میں استعمال نہ کریں بلکہ اپنے لئے مخلص اور دیانتدار اور ایماندار نمائندوں کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں۔ فیمیل امیدوار ندا مینگل کا کہنا تھاکہ ہم نے میدان خالی نہیں چھوڑا ہے اور بھر پور انداز میں مقابلے کرنے کے لئے تیار ہیں عوام کی جانب سے جوپذیرائی مل رہی ہے انشا اللہ کامیابی ہماری ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ آج سوشل ایکٹوسٹ ہما رئیسانی ہمارے ہاں آئی تھی انہوں نے کافی اعتماد اور حوصلہ دیا یقینا خواتین کو آگے آنا چاہیئے خواتین صلاحیت میں کسی سے بھی پیچھے نہیں وہ بھی سیاست کا حصہ بن سکتی ہیں وہ بھی جمہوریت کے لئے پاسبانی کا کردار نبھا سکتی ہیں اس لیئے خواتین سے میری یہی اپیل ہے کہ وہ کسی بھی طرح میدان خالی نہ چھوڑیں اور جمہوری عمل کا حصہ بن کر الیکشن میں حصہ لیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں