ڈیرہ مراد جمالی شہر میں پانی کے بحران کا خاتمہ کیا جائے، صادق عمرانی
ڈیرہ مراد جمالی (انتخاب نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر و سابق صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کے ڈیرہ مراد جمالی شہر میں پانی کا شدید بحران ہے۔ حالات یہ ہیں کہ مردوں کو غسل دینے کے لیے پانی دستیاب نہیں، شہری پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں، تاریخ میں پہلی بار شہر کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ شہری پانی کے حصول کیلئے دربد کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، انکا کہنا تھا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ کے افسران کو منتخب نمائندوں کا آشیرباد حاصل ہونے کے باعث عوام کا کوئی خوف نہیں محکمہ پی ایچ ای نصیرآباد کے افسران کی جانب سے شہریوں کو پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے رکھی گئی تمام مشینری فروخت کردی گئی ہے، من پسند نان تجربہ کار ٹھیکیداروں کو اسکیمات کے ٹھیکے دیے گئے جو اسکیمیں شہریوں کو پانی تو فراہم نہ کرسکیں مگر قوم کے کروڑوں روپے ضائع کردیے گئے جبکہ شہریوں کو صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے صوبائی حکومت نے سولر سسٹم فراہم کیا جو نااہل ایکسیئن پبلک ہیلتھ اور عملے کے باعث تباہ ہوگیا حالات اس قدر سنگین ہوچکے ہیں کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں عوام کا پانی بند کرنے والی انتظامیہ پر منتخب نمائندوں کا ہاتھ ہے۔


