کراچی، نمائش چورنگی پر پی ٹی آئی کارکنوں کی آمد، متعدد خواتین گرفتار، سندھ میں 144 نافذ

کراچی (انتخاب نیوز) پی ٹی آئی کے کارکن نمائش چورنگی پہنچنا شروع ہوگئے، پولیس نے نمائش چورنگی پر پی ٹی آئی کی متعدد خواتین کو حراست میں لے لیا، خواتین پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نمائش چورنگی پہنچ گئی۔ نمائش چورنگی پر ممکنہ دھرنے کے باعث ایم اے جناح روڈ اور نمائش چورنگی کے اطراف کی سڑکیں رکاوٹیں لگا کر بند کردی گئیں۔ اس حوالے سے سندھ بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی ہوگی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق لائنز ایریا سے نمائش آنے والا نظامی روڈ بھی واٹر ٹینکرز لگا کر ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے اور کوریڈور تھری سے مزار قائد جانے والا راستہ ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ کوریڈور تھری کو ٹینکر لگا کر بند کیا گیا ہے جس کے سبب پیپلز چورنگی سے پارکنگ پلازہ آنے اور جانے والی سڑک بند ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق سڑک کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند کیا گیا ہے، جبکہ پیپلز چورنگی سے گاڑیوں کو متبادل راستوں پر موڑا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ کوریڈور تھری پر خداداد کالونی کٹ بھی ٹریفک کے لیے بند ہے، کوریڈور تھری سے مزار قائد کی پارکنگ جانے والا کٹ بھی بند ہے۔ دوسری جانب پولیس کی طرف سے کوریڈور بند کیے جانے کی پیشگی اطلاع نہ دیئے جانے کے سبب دفاتر جانے والے افراد کو سخت پریشانی اور ٹریفک جام کا سامنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں