صوبائی حکومت کی انتخابی عمل میں مداخلت قبول نہیں کریں گے، ڈاکٹر مالک

کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اور انتظامیہ انتخابی عمل کو غیر شفاف کرنے سے باز آجائیں۔اپنے بیان میں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی انتخابی عمل میں مداخلت کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن صوبائی وزراءپر پابندی لگائیں اور ان کے نقل و عمل کو محدود کریں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن عملہ کولواہ، جت اور بلور جانے اور انتخابات کرانے کے بجائے سب تحصیل ہوشاپ کے ہائی اسکول میں پولنگ کرانے کی کوشش کررہا ہے۔انہوںنے کہاکہ علاقوں سے ایک سو کلومیٹر دور بغیر کسی اطلاع کے پولنگ اسٹیشن قائم کرنا عوام کے حق رائے دہی پر قدغن لگانے کے مترادف ہے لہذا ایسے عمل کو ہر گز تسلیم نہیں کریں گے فوری طور پر الیکشن کمیشن اس غیر آئینی اقدام پر نوٹس لے اور الیکشن عمل کو معطل کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں