ایشیائی ترقیاتی بینک کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو 30.5 کروڑ ڈالر امداد فراہم کرے گا

اسلام آباد:ایشیائی ترقیاتی بینک کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو 30.5 کروڑ ڈالر ایمرجنسی امداد فراہم کرے گا،20 کروڑ ڈالر غریب اور کمزور طبقات کے تحفظ اور ساڑھے 10 کروڑ ڈالر ایمرجنسی اقدامات کی تیاری کیلئے فراہم کئے جائیں گے۔منگل کو وزارت منصوبہ بندی میں کنسیپٹ کلیئرنس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر مس شیا ہنگ یانگ نے شرکت کی، اجلاس میں کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے ساڑھے تیس کروڑ ڈالر کی ایمر جنسی امداد کی منظو ری دی گئی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر غریب اور کمزور طبقات کے تحفظ کیلئے فراہم کرے گا، ساڑھے 10 کروڑ ڈالر ایمرجنسی اقدامات کی تیاری کیلئے فراہم کئے جائیں گے۔ رقم وفاق کی طرف سے صوبوں اور خصوصی علاقہ جات میں این ڈی آر ایم ایف کے ذریعے گرانٹ کے طور پر دی جائے گی۔ڈپٹی چئیرمن پلاننگ کمیشن جہانزیب خان نے کہا کہ کورونا وبا سے بلاواسطہ متاثر ہونے والے افراد کو ریلیف پہنچانے کیلئے کوشاں ہے، اس سکیم کے تحت ملک میں صحت کے متعلق اسٹاک کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ رقم حفاظتی لباس اور آلات کی فراہمی کیلئے استعمال کی جا سکے گی۔ موجودہ صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے اور مزید صحت کے مراکز قائم کرنے، میڈیکل اسٹاف کی ٹریننگ اور صحت کے مانیٹرنگ کے نظام، صفائی ستھرائی اور پانی کی سہولیات کی فراہمی بھی اس عمل میں شامل ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں