بلوچستان کے تمام زرعی فیڈرز پر 6 گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی، ہاشم نوتیزئی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی حاجی محمدہاشم نوتیزئی نے کہاہے کہ بلوچستان کے تمام زرعی فیڈرز پر6گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی جبکہ قلعہ عبداللہ اور گلستان فیڈرز پر فورتھ لوڈشیڈنگ سے گریزکی جائے گی، آئندہ کابینہ اجلاس میں بلوچستان کو ملنے والی بجلی میں مزید200میگاواٹ بجلی کے اضافے سے متعلق موقف رکھاجائے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایم پی اے ہاسٹل میں زمیندار ایکشن کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ملک نصیراحمدشاہوانی،حاجی عبدالجبار مجک، کاظم خان اچکزئی،صدیق اللہ آغا، حاجی شیر علی،مشوانی،حاجی نوراحمدبنگلزئی،حاجی محمد افضل بنگلزئی، چیف انجینئر و آپریشن ڈائریکٹرکیسکو شوکت جوگیزئی ودیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر زمیندار ایکشن کمیٹی نے وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی کو بلوچستان میں بجلی کی صورتحال اور زمینداروں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا جس پر حاجی محمدہاشم نوتیزئی نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کے تمام زرعی فیڈرز پر بجلی کی 6گھنٹے تک فراہمی یقینی بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کریں گے تاکہ زمینداروں کو درپیش مشکلات میں کمی آسکیں،انہوں نے کہاکہ قلعہ عبداللہ اور گلستان فیڈرز پر فورتھ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے،انہوں نے کہاکہ زمینداروں کے حقیقی مسائل کے خاتمے کیلئے وفاقی حکومت کے سامنے موقف رکھیں گے بلکہ وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں بلوچستان کو فراہم کی جانے والی بجلی میں 200میگاواٹ کے اضافے کامطالبہ رکھیں گے تاکہ بجلی کے مسائل میں کمی آسکیں ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کی عوام اور زمینداروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیاجائے،بلوچستان میں زیادہ تر عوام کا ذریعہ معاش زراعت اور بارڈر تجارت سے وابستہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں