بھارت کے گستاخانہ بیانات پرعرب ممالک کا شدید احتجاج، بائیکاٹ مہم جاری
تہران، قاہرہ، ریاض، دوہا، عمان، کویت (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتیہ جنتا پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کی جانب سے پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰؐ کی شان اقدس میں گستاخی پر عرب ممالک نے شدید غم وغصے کا اظہار کیا ہے اور ساتھ میں بھارتی مصنوعات کی بائیکاٹ مہم شروع کردی گئی ہے۔ ایک جانب تو بھارت میں مسلمانوں کیخلاف منظم انداز میں پرتشدد کارروائیوں اور نفرت پھیلانے کی مہم جاری ہے جو 2014ء میں نریندر مودی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد مزید تیز ہوگئی اور بات بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ اسلام اور پیغمبر اسلام ؐ کی شان میں گستاخی تک آن پہنچی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی ترجمان نپور شرما کی جانب سے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران اسلام اور پیغمبر اسلام ؐ کے حوالے سے انتہائی توہین آمیز گفتگو کی گئی جبکہ دہلی کے میڈیا ہیڈ نوین جندال نے متنازع ٹویٹ کیا۔ بی جے پی کے مرکزی رہنماؤں کے ان گستاخانہ بیانات پر بھارت سمیت دنیا بھر میں شدید احتجاج جاری ہے۔ مصر، سعودی عرب، قطر، بحرین اور کویت میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم چل پڑی ہے اور بھارت سے درآمد شدہ اشیاء استعمال نہ کرنے کی اپیل کی جارہی ہے۔ قطر نے دوحہ میں بھارتی سفیر دیپک متل کو طلب کرکے بی جے پی ترجمان کی جانب سے گستاخانہ بیان پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے اور کہا کہ بھارت میں اسلام اور پیغمبر اسلامؐ پرگستاخانہ بیانات دیکر منظم انداز میں نفرت پھیلائی جارہی ہے، جو دو ارب مسلمانوں کی توہین ہے۔ قطری حکومت نے بھارتی سفیر کو احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے گستاخانہ بیانات پر بھارتی حکومت کی جانب سے عوامی سطح پر معافی اور توہین آمیز بیانات کی مذمت کا مطالبہ کیا۔ خلیجی ریاست کویت نے بھی رسول اکرم ؐکی شان میں گستاخی پر بھارتی حکومت سے عوامی معافی کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب ایران نے بھی دارالحکومت تہران میں تعینات بھارتی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے پیغمبر اسلامؐ کی شان میں گستاخی پر شدید احتجاج کیا۔ عمان کے مفتی اعظم شیخ احمد بن حماد الخلیل نے بھی بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا حکم جاری کیا ہے۔ اس سے قبل فروری میں وہ بھارت کو مسلمانوں کے خلاف مظالم پر خبردار بھی کرچکے ہیں۔


