ایلون مسک کا ٹوئٹر کو خریدنے کے معاہدے سے پیچھے ہٹنے کا عندیہ
کیلی فورنیا (مانیٹرنگ ڈیسک) ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالرز میں خریدنے کے معاہدے سے پیچھے ہٹنے کا عندیہ دیا ہے۔ خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص کے وکلا کی جانب سے ٹوئٹر کمپنی کو بھیجے گئے ایک مراسلے میں کہا گیا کہ اگر سوشل میڈیا نیٹ ورک اسپام اور جعلی اکاؤنٹس کا ڈیٹا فراہم نہیں کرسکا تو وہ اسے خریدنے کا فیصلہ بدل سکتے ہیں۔ اس مراسلے میں کہا گیا تھا کہ ٹوئٹر کی جانب سے وعدوں کی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور ایلون مسک کے پاس معاہدے کو منسوخ کرنے کا اختیار موجود ہے۔ یہ پہلی بار ہے جب ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو خریدنے کے معاہدے سے پیچھے ہٹنے کا انتباہ کیا گیا ہے۔ خط میں مزید کہا گیا کہ ایلون مسک اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ٹوئٹر کی جانب سے معاہدے میں درج وعدوں پر عمل نہیں کیا جارہا، جس سے یہ شک پیدا ہورہا ہے کہ کمپنی نے مطلوبہ ڈیٹا کو دانستہ روک رکھا ہے۔


