متفرق واقعات میں خاتون، 2 مزدور، پولیس اہلکار جاں بحق، زخمی افسر کراچی منتقل
کراچی (انتخاب نیوز) ملیر میں گھر کے زیر زمین پانی کی ٹینک کی صفائی کرتے ہوئے دم گھٹنے سے 2 مزدور، بلدیہ میں کرنٹ لگنے سے خاتون، ڈاکس میں ٹریفک حادثے کے دوران پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا، کشمور میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے پولیس افسر کو ایئر ایمبولینس میں کراچی کے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعات کے مطابق ملیر جناح اسکوائر حنفیہ مسجد کے قریب گھرسے 60سالہ اسلم اور 25 سالہ اکبر کی لاشیں جناح اسپتال پہنچائی گئیں، بتایا جاتا ہے کہ دونوں مزدور تھے اور مذکورہ مکان میں زیر زمین پانی کے ٹینک کی صفائی کررہے تھے کہ دم گھٹنے سے ان کی اموات واقع ہوگئیں۔ دریں اثناء بلدیہ کے علاقے اتحاد ٹائون محمد خان کالونی میں امورخانہ داری کے دوران کرنٹ لگنے سے آمنہ نظیر شاہ نامی خاتون جاں بحق ہوگئی جس کی لاش سول اسپتال لائی گئی۔ قبل ازیں ڈاکس کے علاقے مائی کولاچی روڈ پر امریکن ایمبیسی کے قریب موٹر سائیکل اور ٹریلر میں تصادم کے نتیجے میں پولیس اہلکار رشید سلطان ولد شیرین سلطان جاں بحق جبکہ علی عباس شدید زخمی ہوگیا جنہیں سول اسپتال پہنچایا گیا۔ علاوہ ازیں کشمور میں جرائم پیشہ افراد کی فائرنگ سے سر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہونے والے سب انسپکٹر نبی بخش کو سندھ پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کرکے نجی اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹر اس کی جان بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔


