تفتان بارڈر کے تاجروں سے ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی، چیمبر آف کامرس

کوئٹہ (انتخاب نیوز) چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی نے کہا ہے کہ تفتان بارڈر کے تاجروں کے ساتھ کسی بھی قسم کی نا انصافی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت اور حکام بالاسے رابطہ کرکے تفتان بارڈرکے تاجروں کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو میر عرفان کرد کی قیادت میں ملاقات کرنے والے تفتان بارڈر کے امپورٹرز، ایکسپورٹرز، کلیئرنگ ایجنٹس، انڈسٹریل ایریا کوئٹہ کے صنعت کاروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر حمید اللہ بڑیچ، غفور بڑیچ، نصیب اللہ ساسولی، خالد ساسولی، چیمبر آف کامرس کے سرور آغا، صمدر بھی موجود تھے۔ وفد نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فدا حسین دشتی کو تفتان باررڈر کے امپورٹرز، ایکسپورٹرز اور کلیئرنگ ایجنٹس کے مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اس موقع پر مشترکہ برابچہ کے بارے میں بھی غور و خوض کیاگیا۔ فدا حسین دشتی نے کہا کہ تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، تاجر اربوں روپے ٹیکس کی مد میں حکومتی خزانے میں جمع کرواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران بارڈر تفتان پر کام کرنے والے امپورٹرز، ایکسپورٹرز، کلیئرنگ ایجنٹس مختلف مسائل سے دوچار ہیں، انکے مسائل حل کرنا حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ اس حوالے سے وفاقی حکومت اور حکام بالا سے رابطہ کرکے انکے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ بلوچستان کے تاجروں کے جائز مسائل کو حل کیا جائے جس کیلئے وقتاً وفتاً حکام سے ملاقاتیں بھی کی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں