لورالائی، پیٹرول پمپ مالکان فی لیٹر 1.76 پیسے اضافی وصول کرنے لگے
لورلائی (انتخاب نیوز) پاکستان کے ہر کونے میں پیٹرول کمپنیاں پیٹرول ترسیل خود کرتے ہیں اور ہر علاقے میں پیٹرولیم مصنوعات پہنچانے کا کرایہ خود ادا کرتے ہیں۔ لورلائی پمپ مالکان نے اپنی ملی بھگت کے نتیجے میں عرصہ دراز سے پیٹرولیم مصنوعات خاص کر پیٹرول کے حکومت کی جانب سے جاری کردہ نرخ سے ایک روپے 76 پیسے زیادہ وصول کرتے چلے آرہے ہیں حالانکہ دکی اور سنجاوی، لورالائی سے 50.50 کلو میٹر کے فاصلے پر ہیں اور وہاں پر حکومت پاکستان کی جانب سے جاری شدہ نرخ میں پیٹرول فروخت کیا جارہا ہے۔ لورالائی پاکستان کا واحد ضلع ہے جہاں پمپ مالکان اپنے خود ساختہ ریٹ 211.60 وصول کررہے ہیں، یعنی 1.76 زائد وصول کررہے ہیں۔ عوامی حلقوں کی جانب سے بار بار نشاندہی کے باوجود بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی ایکشن نہ لینا قابل افسوس ہے۔ عوامی حلقوں نے کمشنر ژوب ڈویژن، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ لورالائی پمپ مالکان کے خود ساختہ ریٹ پر پیٹرول فروخت کر کے عوام کو لوٹنے کا نوٹس لیکر ان کے پمپ سیل کرکے ان کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔


