کوئٹہ، آئل ٹینکر ڈرائیور نے جان پر کھیل کر بڑی تباہی سے بچا لیا
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک آئل ٹینکر ڈرائیور لوگوں کی زندگی بچانے کے لیے اپنی جان دا ؤپر لگاتے ہوئے پیٹرول سے بھرے جلتے ہوئے ٹینکر کو آبادی سے دور لے گیا۔ واقعہ منگل کی شام کو کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر پیش آیا جہاں ایک نجی پیٹرول پمپ پر پیٹرول خالی کرتے ہوئے آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے شعلوں نے ٹینکر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پیٹرول پمپ کے مالک سعید شاہوانی کے مطابق پیٹرول پمپ پر رش تھا اور عملے کے ارکان کے علاوہ بڑی تعداد میں گاڑیاں تیل بھروانے کے لیے کھڑی تھیں۔ 20 ہزار لیٹر پیٹرول سے بھرے ٹینکر سے بھڑکتے شعلے دیکھ کر پمپ پر موجود لوگوں پر سکتہ طاری ہوگیا لیکن ٹینکر ڈرائیور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹینکر کو تیز رفتاری سے پمپ اور آبادی سے دور لے گیا۔
Load/Hide Comments


