القدس میں مسیحی املاک پراسرائیلی قبضے کیخلاف یورپی یونین کااظہارتشویش
بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک) فلسطینی علاقے میں قائم یورپی یونین کے دفتر کی جانب سے اس امر پر اظہار تشویش کیا گیا ہے کہ یہودی آباد کاروں کے ایک گروہ نے یونانی آرتھو ڈاکس کی املاک پر قبضہ کرلیا ہے۔ یورپی یونین کے دفتر کے مطابق یہ مسیحی جائیدادیں مشرقی یروشلم میں واقع ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق یورپی یونین کے نمائندہ دفتر کی طرف سے کہا گیا کہ یہودی آباد کاروں کی اس قبضے کی کوشش کو ضرور روکا جانا چاہیے۔ یورپی یونین کے بقول مسیحیوں کی املاک پر اس قبضے سے مسیحیوں کی املاک ہی نہیں ورثہ اور روایات بھی خطرے میں ہیں۔ واضح رہے آٹھ جون کو اسرائیلی سپریم کورٹ نے یونانی آرتھو داکس مسیحیوں کی جانب سے دائر کردہ اپیل بھی مسترد کردی ہے۔ جو مسیحیوں نے یہودی آباد کاروں کی تنظیم کا یہ ناجائز قبضہ روکنے کے لیے کی تھی۔ اس اپیل کے مسترد کیے جانے کے بعد طویل عرصے سے کرایہ دار چلے آنے والے فلسطینیوں کی بے دخلی کا بھی خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔


