دالبندین، بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف آر سی ڈی شاہراہ پر متاثرین کا دھرنا
دالبندین (انتخاب نیوز) اہالیان کلی میر حسین خان نوتیزئی نزد بوائز ڈگری کالج دالبندین نے بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف مغربی بائی پاس پر ٹائر جلا کر آر سی ڈی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا، جس کے سبب کوئٹہ سے تفتان جانے والی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مشتعل مظاہرین نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی حاجی میر محمد ہاشم نوتیزئی، سابق وفاقی وزیر سردار محمد عمر گورگیج، سابق مشیر میر اعجاز خان سنجرانی، واپڈا کے افسران بالا کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے کہا کہ نوکنڈی یک مچ سمیت ضلع بھر کے دیہی علاقوں میں بجلی پہنچا دی گئی اور ہمیں دھوکہ دیا گیا کہ اگلی بار کلی میر حسین خان نوتیزئی کو بجلی دی جائے گی، شدید گرمی میں بچے، بوڑھے، مرد و خواتین بلک بلک کر زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ کیا بجلی ملنا ہمارا حق نہیں، آخر ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیوں روا رکھا جارہا ہے۔ ہم نے انتظامیہ کی جانب سے جھوٹے وعدے کرنے پر احتجاجاً آر سی ڈی شاہراہ بلاک کردی جب تک مطالبہ تسلیم نہیں ہوتا احتجاج جاری رہے گا۔ مظاہرین سے عبدالمالک نوتیزئی، سفیر نوتیزئی، حافظ نصراللہ، اقبال نوتیزئی، عبدالخالق نے بھی خطاب کیا۔


