وزیر اعظم کے احکامات نظر انداز، کوئٹہ میں بجلی کی آنکھ مچولی معمول بن گئی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعظم کے احکامات نظرانداز صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ،تیکنیکی وجوہات کی آڑ میں بجلی کی بندش معمول بن گئی،کوئٹہ میں دن ہو یا رات بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہتی ہے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گرمی نے عوام کو پسینے میں شرابور کردیا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت شہر کے مختلف علاقوں واضلاع میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ ہوگیامختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیابعض علاقوں میں تکنیکی وجوہات کی آڑ میں بھی بجلی کی بندش معمول بن گئی سیٹلائٹ ٹاؤن،عبداللہ ٹاؤن،موسی کالونی،سرکی روڈ، سریاب روڈ،شالدرہ،کاسی روڈ،پشتون آباد اور ملحقہ علاقوں میں بجلی صبح 5 بجے سے غائب جبکہ بجلی کی بندش کے حوالے سے شکایت درج کرانے کے لئے عملہ بھی موجودنہیں ہے گرم موسم میں طویل اعلانی اور غیر اعلانی لوڈشیڈنگ سے شہریوں کومشکلات اور پریشانی کاسامناہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم میاں محمدشہبازشریف نے محکمہ توانائی کے حکام کو حکم دیاتھاکہ وہ 2گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ نہ کرے لیکن بلوچستان میں وزیراعظم کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیاگیاہے پہلے جو اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہوا کرتی تھی لیکن اب تو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عوام کیلئے وبال جان بن گئی ہے۔


